پنجاب کنگز کا دھماکہ، شاندار جیت سے ٹاپ پر پہنچی، ممبئی انڈینز کو ہوا یہ بڑا نقصان

نئی دہلی : آئی پی ایل 2025 میں پنجاب کنگز نے ممبئی انڈینز کو آسانی سے شکست دیدی ۔ اس جیت کے ساتھ ہی شریس ایئر کی ٹیم آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے۔ آئی پی ایل کے پلے آف میں اس جیت کا فائدہ پنجاب کنگز کو ملے گا۔ اب اسے کوالیفائر ون میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ دوسری جانب ممبئی انڈینز کی ٹائٹل کی امیدیں اب کرو یا مرو کی صورتحال میں ہیں۔ اب ہاردک پانڈیا کی ٹیم کو ٹرافی تبھی ملے گی جب وہ کم از کم تین میچ جیتے گی۔
آئی پی ایل 2025 میں پیر کو پنجاب کنگز کا مقابلہ ممبئی انڈینز سے ہوا۔ پنجاب کے کپتان شریس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا انتخاب کیا جسے ان کے گیند بازوں نے درست ثابت کیا۔ ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ جے پور کا سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم بڑے اسکور کے لیے جانا جاتا ہے۔ ایسے میں 185 رنز کا ہدف زیادہ مشکل نہیں تھا۔ پنجاب کنگز نے اسے آسانی سے بنا دیا۔ پنجاب کی ٹیم نے یہ میچ 9 گیندیں باقی رہتے ہوئے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کنگز نے اچھی شروعات کی۔ اوپنرز پریانش آریہ (62) اور پربھسمرن سنگھ (13) نے 34 رنز جوڑے۔ پربھسمرن پانچویں اوور میں جسپریت بمراہ کی گیند پر اشونی کمار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ممبئی انڈینز اس وکٹ کا جشن زیادہ دیر تک نہ منا سکی، کیونکہ پنجاب کے کھلاڑیوں نے پھر سنچری شراکت داری کردی۔
تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے جوش انگلس (73) اور پریانش آریہ نے 109 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ پریانش آریہ اور جوش انگلش کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شریس ایئر اور نہال وڈھیرا نے ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ شریس ایئر نے 19ویں اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر جیت کی رسم پوری کردی ۔
نیوز18اردو ہندوستان میں اردو کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ برائے مہربانی ہمارے واٹس چینل کو لائیو، تازہ ترین خبروں اور ویڈیوز کے لئے فالو کریں۔آپ ہماری ویب سائٹ پر خبروں، تصاویر اور خیالات کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ، کرکٹ جیسے کھیلوں اور لائف اسٹائل سے منسلک مواد دیکھ سکتے ہیں۔ آپ ہمیں، ایکس، فیس بک، انسٹاگرام، تھریڈز،شیئرچیٹ، ڈیلی ہنٹ جیسے ایپس پر بھی فالوکرسکتے ہیں۔