IPL 2025 : حیدرآباد نے توڑا لکھنو کا خواب، 205 رنز بناکر بھی ہاری ریشبھ پنت کی ٹیم

نئی دہلی : ہم تو ڈوبے ہیں صنم، تم کو بھی لے ڈوبیں گے… سن رائزرز حیدرآباد نے آئی پی ایل 2025 میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو شکست دے کر اس محاورہ کو ایک بار پھر سچ ثابت کردیا۔ یہ اس کے لیے کرو یا مرو کا میچ تھا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لکھنؤ نے 205 رنز بنائے اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ پلے آف کی اپنی امیدیں زندہ رکھیں گے، لیکن سن رائزرس حیدرآباد نے یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت کر لکھنؤ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
آئی پی ایل 2025 میں، پیر کو لکھنؤ سپر جائنٹس اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان میچ ہوا۔ سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ لکھنؤ نے مچل مارش (65)، ایڈن مارکرم (61) اور نکولس پورن (45) کی مدد سے 7 وکٹ پر 205 رنز بنائے۔ جواب میں سن رائزرز حیدرآباد نے 4 وکٹوں پر 206 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ ان کی طرف سے ابھیشیک شرما نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے۔ ابھیشیک نے اپنی 20 گیندوں کی اننگز میں 4 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ اس میں روی بشنوئی کے اوور میں لگاتار 4 چھکے شامل تھے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کی 12 میچوں میں یہ ساتویں شکست ہے۔ اس شکست نے ان کے پلے آف سے باہر ہونے پر مہر لگا دی ہے۔ ایل ایس جی کے اب 12 میچوں میں 10 پوائنٹس ہیں۔ اب اگر ٹیم اپنے باقی دو میچ جیت بھی لیتی ہے تو بھی وہ 14 پوائنٹس سے آگے نہیں جا سکے گی۔ جبکہ پلے آف کے لیے کم از کم 15 یا اس سے زیادہ پوائنٹس درکار ہیں۔ گجرات ٹائٹنز (18)، رائل چیلنجرز بنگلور (17) اور پنجاب کنگز (17) پہلے ہی آئی پی ایل پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
وہیں ممبئی انڈینز (14) اور دہلی کیپٹلس (13) کے دو دو میچ باقی ہیں۔ ان میں سے ایک میچ تو ان دونوں کے درمیان ہی ہونا ہے۔ اس لیے یہ یقینی ہے کہ دہلی یا ممبئی میں سے کوئی ایک پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔
نیوز18اردو ہندوستان میں اردو کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ برائے مہربانی ہمارے واٹس چینل کو لائیو، تازہ ترین خبروں اور ویڈیوز کے لئے فالو کریں۔آپ ہماری ویب سائٹ پر خبروں، تصاویر اور خیالات کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ، کرکٹ جیسے کھیلوں اور لائف اسٹائل سے منسلک مواد دیکھ سکتے ہیں۔ آپ ہمیں، ایکس، فیس بک، انسٹاگرام، تھریڈز،شیئرچیٹ، ڈیلی ہنٹ جیسے ایپس پر بھی فالوکرسکتے ہیں۔