ہندوستان کے خلاف ماحول بنانے ایران پہنچے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو خامنہ ای نے غزہ معاملہ پر لگا دی پھٹکار!

ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے غزہ پر اسرائیلی مظالم سے متعلق پاکستان کی خاموشی پر ناراضگی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ اگر مسلم ممالک ہی غزہ کی حمایت میں کھڑے نہیں ہوں گے، تو کون ہوگا؟


پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اس وقت اپنے کچھ دوست ممالک کے دورے پر ہیں۔ وہ ہندوستان کے خلاف ماحول بنانے اور اپنی بات رکھنے کے ارادے سے دورے پر نکلے ہیں۔ اسی ارادہ سے وہ ایران پہنچے، جہاں انھیں حمایت کیا ملتی، سپریم لیڈر سے پھٹکار ہی مل گئی۔
دراصل خامنہ ای فلسطین کے غزہ پر پاکستان کے رخ سے انتہائی ناراض نظر آئے۔ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ جب یوروپی ممالک کھل کر اسرائیل کی مخالفت کر رہے ہیں، تو پھر پاکستان جیسے مسلم ملک نے غزہ سے متعلق خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے۔ ’تہران ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق خامنہ ای نے پاکستانی وزیر اعظم کو غزہ پر اسرائیل کی مخالفت میں فوراً خاکہ تیار کرنے کے لیے کہا ہے۔ ساتھ ہی خامنہ ای نے کہا کہ اگر مسلم ممالک ہی غزہ کی حمایت میں کھڑے نہیں ہوں گے، تو کون ہوگا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے پاکستان سے کہا کہ آپ کا رخ اسرائیل کو لے کر صرف بیانات تک محدود ہے۔ آپ کھل کر ہمارے ساتھ آ جاؤ، نہیں تو پھر آپ کی حمایت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے یہودی حکومت مسلم بچوں کا قتل کروا رہی ہے، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ خامنہ ای کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ وقت غزہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ کئی مسلم ممالک اسرائیل اور امریکہ کی وجہ سے حق کی آواز بلند نہیں کر پا رہے۔ پاکستان کو اس معاملے میں ہمت کرنی چاہیے۔ ایران نے اسرائیل کے خلاف لڑنے کے لیے پاکستان کو ساتھ آنے کی باضابطہ طور پر دعوت دی ہے۔ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ’’اگر آپ تیار ہو تو آؤ، یہودیوں کے خلاف ساتھ لڑتے ہیں۔‘‘
پاکستان سے خامنہ ای کی ناراضگی کا ایک سبب اسلحہ بھی ہے۔ اسرائیل ایک نیوکلیائی طاقت سے مزین ملک ہے، اور پاکستان واحد مسلم ملک ہے جس کے پاس نیوکلیائی بم ہے۔ اس کے باوجود اسرائیل کے خلاف پاکستان کھل کر نہیں بولتا۔ غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ وہ ایران سے ’شاہد‘ ڈرون حاصل کرے۔ ہندوستان سے کشیدگی کے درمیان ہی پاکستان نے اس کی کوششیں شروع کر دی تھیں، لیکن پاکستانی حکومت کو اس میں کامیابی نہیں مل پائی۔ شہباز شریف کے ساتھ ایران نے صرف ٹریڈ ڈیل کیا، کوئی بھی اسلحہ نہیں دیا۔ ساتھ ہی ایران سے پاکستان کو یہ نصیحت بھی مل گئی کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ رشتے ٹھیک کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔