مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہید رئیسی کی صاحبزادی سربراہی میں ایرانی اعلی سطحی وفد نے کراچی میں بلاول ہاؤس کا دورہ کیا جہاں صدر آصف زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈی والا اور سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے صحت، ثقافت اور سفارتی تعاون کے شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع پر گفتگو کی۔
اس موقع پر آصفہ زرداری نے دونوں ملکوں کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران کی پاکستان کے ساتھ مسلسل یکجہتی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید کبھی نہیں مرتے بلکہ وہ ہمارے دلوں میں زندہ ہوتے ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے تعلقات بھائی چارگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ ایران کی صحت کے شعبے میں پیش رفت بھی قابل تعریف ہے۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر ریحانہ سادات رئیسی نے پاکستان کی دوستی اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شہید صدر ابراہیم رئیسی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے لیے خصوصی دعا اور فاتحہ بھی پڑھی گئی۔