آئی پی ایل 2025: پنجاب کنگس نے ممبئی انڈینس کا دل توڑ کر ’ٹاپ-2‘ میں بنائی جگہ، 7 وکٹ سے دی شکست

ممبئی نے مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 184 رن بنائے تھے۔ جواب میں پنجاب نے 18.3 اوورس میں ہی محض 3 وکٹ کے نقصان پر ضروری ہدف حاصل کر لیا۔


جوش انگلس، تصویر @IPL
آئی پی ایل 2025 میں آج پنجاب کنگس اور ممبئی انڈینس کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ممبئی جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ-2 کا مقام حاصل کرنا چاہتی تھی، لیکن پنجاب نے 7 وکٹ سے شکست دے کر اس کا دل توڑ دیا۔ یہ میچ اس لیے اہم تھا کہ جیتنے والی ٹیم ٹاپ-2 میں داخل ہو جاتی، یعنی اب پنجاب ٹاپ-2 میں داخل ہو گئی ہے۔ پنجاب کے اب 14 میچوں میں 19 پوائنٹس ہو گئے ہیں، جبکہ ممبئی کے 14 میچوں میں 16 پوائنٹس ہیں۔ یہ بھی یقینی ہو گیا ہے کہ پوائنٹس ٹیبل میں ممبئی اب چوتھے مقام پر رہے گی۔ کل اگر لکھنؤ کے ساتھ کھیلا جانے والا مقابلہ بنگلورو جیت جاتی ہے تو اس کے بھی 19 پوائنٹس ہو جائیں گے اور پوائنٹس ٹیبل میں پہلا یا دوسرا مقام مل جائے گا۔ شکست کی صورت میں بنگلورو تیسرے مقام پر، جبکہ گجرات 18 پوائنتس کے ساتھ دوسرے مقام پر قابض ہوگی۔
بہرحال، آج کے میچ میں پنجاب کی جیت کے اصل ہیرو عرشدیپ سنگھ اور پریانش آریہ و جوش انگلس رہے۔ عرشدیپ نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے 4 اوورس میں 28 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ سلامی بلے باز پریانش آریہ نے 35 گیندوں پر طوفانی انداز میں 62 رن بنائے، جبکہ جوش انگلس نے 64 گیندوں پر 73 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ آخر میں کپتان شریئس ایر نے بھی 16 گیندوں پر تیز رفتاری کے ساتھ ناٹ آؤٹ 26 رن بنا کر میچ کو ختم کیا۔ پنجاب نے 18.3 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر جیت کے لیے ضروری ہدف حاصل کر لیا۔ ممبئی کی جانب سے جسپریت بمراہ (4 اوورس میں 23 رن دے کر 1 وکٹ) اور مشیل سینٹنر (4 اوورس میں 41 رن دے کر 2 وکٹ) ہی ایسے گیندباز رہے، جنھوں نے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ باقی گیندبازوں نے تو رن بھی لٹائے اور کوئی وکٹ بھی نہیں لیا۔
اس سے قبل ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 184 رن بنائے تھے۔ سلامی بلے بازوں ریان ریکلٹن (27 رن) اور روہت شرما (24 رن) نے پہلے وکٹ کے لیے 45 رنوں کی شراکت داری کی، لیکن روہت شرما نے کم رفتاری کے ساتھ رن بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں سوریہ کمار یادو نے 39 گیندوں پر 57 رن بنا کر ٹیم کو اہم تعاون دیا۔ ول جیکس (8 گیندوں میں 17 رن)، کپتان ہاردک پانڈیا (15 گیندوں میں 26 رن) اور نمن دھیر (12 گیندوں میں 20 رن) نے چھوٹی لیکن تیز اننگ کھیلی، جس کی وجہ سے ٹیم کا اسکور 184 تک پہنچ پایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔