آئی پی ایل 2025: ٹیبل ٹاپر گجرات کی آخری لیگ مقابلہ میں 83 رنوں سے شکست، جیت کے ساتھ چنئی کے سفر کا شاندار اختتام

چنئی سپر کنگس کے نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریوس کو ان کی شاندار طوفانی نصف سنچری (23 گیندوں میں 57) رن کے لیے مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔


مہیندر سنگھ دھونی اور شبھمن گل
ڈیوالڈ بریوس، ڈیون کانوے اور آیوش مہاترے کی زبردست بلے بازی کے بعد انشول کمبوج اور نور احمد کی شاندار گیند بازی کی بدولت چنئی سپر کنگس نے گجرات ٹائٹنس پر 83 رنوں کی بڑی جیت درج کی۔ چنئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 230 رنوں کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا۔ 231 رنوں کے جواب میں گجرات ٹائنٹس کی پوری ٹیم 18.3 اوورس میں 147 رنوں کے اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ چنئی نے جیت کے ساتھ آئی پی ایل 2025 میں اپنے سفر کا اختتام کیا۔ اب اس بڑی شکست کا اثر گجرات کے پلے آف کے میچ پر بھی پڑ سکتا ہے۔ فی الحال گجرات 14 میچوں میں 9 جیت کے ساتھ ٹیبل میں ٹاپ پر بنی ہوئی ہے۔ ڈیوالڈ بریوس کو ان کی شاندار طوفانی نصف سنچری (23 گیندوں میں 57) رن کے لیے مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
گجرات کے احمد آباد میں کھیلے گئے اس مقابلہ میں چنئی سپر کنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ چنئی کے سلامی بلے باز آیوش مہاترے (17 گیندوں میں 34 رن) اور ڈیون کانوے (35 گیندوں میں 52 رن) نے ٹیم کو شاندار شروعات دلائی۔ اس کے بعد ڈیوالڈ بریوس (23 گیندوں میں 57 رن)، اُرول پٹیل (19 گیندوں میں 37 رن)، رویندر جڈیجہ (18 گیندوں میں 21 رن) اور شیوم دوبے (8 گیندوں میں 17 رن) کی بدولت چنئی نے 20 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنوں کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا۔ اگر گجرات کے گیند بازوں کی بات کی جائے تو پرسدھ کرشنا 2 وکٹ، سائی کشور، راشد خان اور شاہ رخ خان 1-1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
231 رنوں کے جواب میں گجرات ٹائٹنس کی شروعات اچھی نہیں رہی سلامی بلے باز اور ٹیم کے کپتان شبھمن گل (9 گیندوں میں 13 رن) جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ حالانکہ ٹیم کے دوسرے سلامی بلے باز سائی سدرشن (28 گیندوں میں 41 رن) نے ٹیم کو جیت دلانے کی پوری کوشش کی لیکن ٹیم کے کسی اور بلے باز نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ ٹیم کے اسٹار بلے باز جوش بٹلر (7 گیندوں میں 5 رن)، شیرفین ردرفورڈ (صفر)، شاہ رخ خان (15 گیندوں میں 19 رن) اور راہل تیوتیا (10 گیندوں میں 14 رن) نے ٹیم کی شکست میں اہم کردار اد کیا۔ اگر چنئی کی گیند بازی کی بات کی جائے تو انشول کمبوج اور نور احمد نے 3-3 وکٹ، رویندر جڈیجہ نے 2 وکٹ اور خلیل احمد و متھیشا پتھیرانا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔