مہر نیوز ایجنسی کے مطابق، برٹش ایئرویز نے رواں ماہ کے شروع میں بن گورین ایئرپورٹ پر یمنی میزائل حملے کے بعد سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے، اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں کے لئے پروازوں کی منسوخی میں جولائی کے آخر تک توسیع کردی ہے۔
بی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ایئر لائن کم از کم اگست تک برطانیہ سے اسرائیل کے لیے کوئی پرواز آپریٹ نہیں کرے گی۔
بی اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم آپریٹنگ حالات کی مسلسل نگرانی کرتے ہیں اور 31 جولائی تک اور اس میں شامل اپنی پروازیں تل ابیب سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔”
ایئر لائن کی ویب سائٹ پر ایک پیغام لکھا ہے کہ معذرت، ہمارے پاس کوئی پروازیں دستیاب نہیں ہیں۔ متبادل راستے تلاش کرنے کے لیے براہ کرم اپنی تلاش میں ترمیم کریں۔”
لندن سے تل ابیب کے لیے اگلی شیڈول پرواز یکم اگست کو ہے۔
برٹش ایئرویز نے اس سے قبل جون کے وسط تک تمام پروازیں روک دی تھیں جب ایک یمنی ہائپرسونک بیلسٹک میزائل تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے کے اندر گرا اور چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
یمنی میزائل حملے کے بعد متعدد غیر ملکی ایئرلائنز نے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں کے لیے اپنی طے شدہ پروازوں کی منسوخی میں توسیع کر دی ہے۔