مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، برطانوی حکمراں "لیبر پارٹی” 17 اور 20 جون کو نیویارک میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ تسلیم کرنے کی خواہاں ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین نے رپورٹ دی کہ لیبر پارٹی کے ممبران کی جانب سے صیہونی رژیم کے وحشیانہ جرائم کے خلاف غزہ کی حمایت میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس کے دوران لیبر پارٹی کا یہ مطالبہ فرانس اور برطانیہ جیسے ممالک کے لیے ایک اہم سفارتی قدم سمجھا جاتا ہے جنہوں نے ابھی تک فلسطین کو تسلیم نہیں کیا ہے۔
رواں ماہ دستخط کیے گئے ایک خط میں برطانیہ کے ہاوس آف کامنز کے 69 جب کہ ہاؤس آف لارڈز کے 6 ممبران نے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس اقدام سے فلسطین میں قیام امن کے مواقع میسر آئیں گے۔
صیہونی رژیم کے پچھلے دو سالوں سے غزہ پر جاری وحشیانہ جرائم کے ردعمل میں مختلف ممالک نے فلسطینیوں اور غزہ کی حمایت میں قابض رژیم کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جس کے بعد مسئلہ فلسطین ایک بار پھر عالمی سطح پر زیر بحث آنے لگا ہے۔