راجستھان میں عوامی مسائل پر اشوک گہلوت کا بی جے پی حکومت پر سخت حملہ، تمام دعوے کھوکھلے قرار دیے

جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے ریاستی حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی دعوؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام دعوے کھوکھلے ہیں اور عوام مختلف مسائل میں گھری ہوئی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پانی کی قلت اور منریگا مزدوروں کی حالت زار پر تشویش ظاہر کی۔
گہلوت نے کہا کہ حکومت کے دوہرے معیار کو دیکھنا حیران کن ہے۔ ایک طرف وزراء عوامی جلسوں میں بلند بانگ دعوے کر رہے ہیں، تو دوسری طرف عام آدمی روزمرہ کی بنیادی ضروریات کے لیے پریشان ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ جو کچھ کہہ رہے ہیں، وہ ان کے اپنے خیالات نہیں بلکہ انہیں اس طرح بات کرنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان دعووں کا زمینی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔