جاپان نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کا بھرپور ساتھ دیا: سلمان خورشید

ٹوکیو: پاکستان کی پشت پناہی میں جاری دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی کوششوں کو جاپان کی جانب سے زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ہندوستانی پارلیمانی وفد کے تین روزہ دورۂ جاپان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے وفد کے اہم رکن اور کانگریس کے سینئر رہنما، سابق مرکزی وزیر قانون سلمان خورشید نے کہا کہ جاپان ہندوستان کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔
نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا، ’’یہ دورہ بہت کامیاب رہا۔ ہم سب اراکینِ پارلیمان ایک ساتھ یہاں آئے اور ہر سطح پر ہمیں شاندار رسپانس ملا۔ خاص طور پر دہشت گردی کے مسئلے پر جاپان نے بے مثال حمایت کی۔ ہم نے جن نمائندوں سے بات کی، انہوں نے ہندوستان کے مؤقف کو سمجھا اور اس کی تائید کی۔ ہم اس دورے سے خوش اور مطمئن واپس لوٹ رہے ہیں۔”