سپریم کورٹ نے قومی شاہراہوں سے تین ماہ میں تجاوزات ہٹانے کا مرکز کو دیا حکم

عدالت نے حکومت کو تین ماہ کے اندر ایک مفصل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے جس میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیل ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ کورٹ نے مرکز کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ ریاستی پولیس یا دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے، جو نہ صرف تجاوزات کو ہٹائیں بلکہ شاہراہوں پر مستقل نگرانی اور پیٹرولنگ کا نظام بھی قائم کریں۔
جسٹس ابھے ایس اوکا کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی زمین پر قبضے کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل ہائی وے ایکٹ 2002 اور ہائی وے ایڈمنسٹریشن رولز 2004 کے تحت باقاعدہ نگرانی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ان ٹیموں کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ باقاعدگی سے معائنہ کریں، صحیح اعداد و شمار جمع کریں اور کارروائی کی رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔