آئی پی ایل 2025: ایڈن گارڈنز سے فائنل مقابلہ کی منتقلی کو بنگال حکومت نے سیاسی وجہ قرار دیا
مغربی بنگال کے کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر اروپ بسواس نے مقام کی تبدیلی پر کہا کہ ’’آئی پی ایل کا فائنل مقابلہ کولکاتہ سے کسی سیاسی وجہ کی بنا پر منتقل کر دیا گیا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی / آئی اے این ایس
آئی پی ایل 2025 کا فائنل ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم کی جگہ اب احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بی سی آئی کے اس فیصلہ کے بعد سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ مغربی بنگال کے کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر اروپ بسواس نے مقام کی تبدیلی پر مرکز کی بی جے پی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کا فائنل مقابلہ کولکاتہ سے کسی سیاسی وجہ کی بنا پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اروپ بسواس نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ بنگال کے کرکٹ مداحوں کو کیوں محروم کیا جا رہا ہے۔ ٹی ایم سی لیڈر نے مرکزی وزیر سکانت مجمدار کے اس بیان پر بھی جوابی حملہ کیا ہے کہ جس میں انہوں نے سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر تنقید کیا تھا۔ اروپ بسواس نے مزید کہا کہ ’’سکانت مجمدار نے ٹویٹ کیا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر فائنل کو منتقل کیا گیا، جبکہ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا۔‘‘
ساتھ ہی اروپ بسواس نے کہا کہ یہ ایک سازش ہے، سیاسی وجوہات کی وجہ سے فائنل مقابلہ کو منتقل کیا گیا، بارش تو بس ایک بہانہ ہے۔ اس سے قبل مغربی بنگال کے بی جے پی صدر سکانت مجمدار نے آئی پی ایل کے فائنل کی میزبانی کا حق کھونے کے لیے ممتا بنرجی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایڈن گارڈنز سے آئی پی ایل کے فائنل میچ کی منتقلی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی غلط حکمرانی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی نے منگل (20 مئی) کو آئی پی ایل 2025 کا مقام بدلنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے سے طے شیڈول کے مطابق آئی پی ایل 2025 کا فائنل مقابلہ کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جانا تھا۔ لیکن خراب موسم کا حوالہ دیتے ہوئے بی سی سی آئی نے فائنل مقابلہ ایڈن گارڈنز سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں منتقل کر دیا ہے۔ اسی میدان پر کوالیفائر-2 بھی کھیلا جائے گا۔ کوالیفائر-1 اور ایلیمنیٹر میچ موہالی کے پاس ملن پور اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔