انتظار ختم، 24 مئی کو ہندوستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کا ہوگا اعلان

روہت شرما کے استعفیٰ کے بعد سے ہی نئے ٹیسٹ کپتان کے متعلق لوگوں کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ شبھمن گل، جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت کپتانی کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم (فائل)، تصویر@BCCI
روہت شرما کے ذریعہ ٹیسٹ فارمیٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کیے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے سامنے انگلینڈ دورہ سے قبل سب سے بڑا چیلنج کپتان کے انتخاب کا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر 24 مئی کو ایک پریس کانفرنس کریں گے۔ اسی دوران نئے ٹیسٹ کپتان کے نام کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ نئے کپتان کے انتخاب پر تمام لوگوں کی نگاہیں مرکوز ہیں۔ سبھی کے ذہن میں یہ سوال چل رہا ہے کہ انگلینڈ جیسے اہم دورہ سے قبل کپتانی کی ذمہ داری کسے سونپی جائے گی۔
روہت شرما کے استعفیٰ کے بعد سے ہی لوگوں نے نئے ٹیسٹ کپتان کے حوالے سے اپنی رائے دینی شروع کر دی ہے۔ اب تک جن کھلاڑیوں کے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں، ان میں شبھمن گل کا نام سرفہرست ہے۔ گل کے علاوہ ٹیسٹ کے نائب کپتان جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ انگلینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی طویل سیریز سے قبل ہی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کپتانی کے ساتھ ساتھ اس فارمیٹ کو بھی الوداع کہہ دیا۔ روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کے بعد لوگ قیاس آرائی کر رہے تھے کہ سابق کپتان اور ٹیم کے سینئر کھلاڑی وراٹ کوہلی کو کپتانی کی ذمہ داری دی جائے گی۔ لیکن اچانک وراٹ کوہلی نے بھی اس طویل فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے نئے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سائیکل کی شروعات انگلینڈ دورے سے ہو رہی ہے۔ اس کی شروعات 20 جون سے ہونے والی ہے، ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ دورے پر 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے سامنے کپتان کے انتخاب کے ساتھ ساتھ اوپننگ اور چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے مناسب کھلاڑی کا انتخاب بھی کسی آزمائش سے کم نہیں۔ کیونکہ روہت شرما یشسوی جیسوال کے ساتھ اوپننگ کی ذمہ داری نبھا رہے تھے اور وراٹ کوہلی ایک طویل عرصے سے چوتھے نمبر پر بلے بازی کر کے ٹیم کے توازن کو برقرار رکھے ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔