روس اور یوکرین جنگ بندی کے لیے بھی ٹرمپ نے تجارت کا راگ الاپا

ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اس خوفناک جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارت کرنا چاہتا ہے۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر یعنی 19 مئی کو روسی صدر ولادیمیر پوتن سے یوکرین میں جنگ بندی کے حوالے سے دو گھنٹے تک فون پر بات کی۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ’ٹروتھ‘پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ پوتن کے ساتھ ان کی گفتگو بہت اچھی رہی۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین فوری طور پر جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس کے لیے جو بھی شرائط ہوں گی، ان کا فیصلہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت کے ذریعہ کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اس خوفناک جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارت کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "روس کے لیے یہ ایک زبردست موقع ہے کہ وہ بڑی مقدار میں ملازمتیں اور دولت پیدا کرے۔ اسی طرح یوکرین اپنے ملک کی تعمیر نو کے عمل میں امریکہ کے ساتھ کاروبار کر کے اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔”
ٹرمپ نے کہا کہ پوتن سے بات کرنے کے فوراً بعد انہوں نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی، یورپی یونین کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، اطالوی وزیر اعظم جیورڈانو میلونی، جرمن چانسلر فریڈرک اور فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹوب کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ویٹیکن نے روس اور یوکرین مذاکرات کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اتوار یعنی 18 مئی کو کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے بغیر بھی، روس کے پاس یوکرین کے مشن کو مکمل کرنے اور اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کافی قوتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ غلطی کرنے پر مجبور کرنے کی بہت سی کوششیں کی گئیں (جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی) لیکن ہمارے پاس اتنی طاقت ہے کہ اس آپشن کے بغیر بھی اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔