مہاراشٹر: رتنا گیری میں ممبئی-گوا ہائی وے پر حادثہ، کار ندی میں گری، 5 کی موت

کار پر سوار سبھی لوگ ممبئی کے میرا روڈ علاقے سے دیورکھ جا رہے تھے۔ وہ سبھی ایک رشتہ دار کے آخری رسوم میں شامل ہونے والے تھے۔ کار ڈرائیور کو مقامی لوگوں کی مدد سے بچا لیا گیا۔


مہاراشٹر کے رتنا گیری میں پیر کی صبح ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ممبئی-گوا قومی ہائی وے پر ایک کار جگ بودی ندی میں گر گئی۔ اس میں 5 لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ جبکہ کار چلانے والا ڈرائیور سنگین طور پر زخمی ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت کار تیز رفتار سے جا رہی تھی کہ اچانک بے قابو ہو کر رتنا گیری ضلع میں واقع جگ بودی ندی میں گر گئی۔
اطلاع کے مطابق کار پر سوار سبھی لوگ ممبئی کے میرا روڈ علاقے سے دیورکھ جا رہے تھے۔ وہ سبھی ایک رشتہ دار کے آخری رسوم میں شامل ہونے والے تھے۔ حادثے میں پانچوں افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حالانکہ اس حادثے میں کار ڈرائیور کو مقامی لوگوں کی مدد سے سنگین حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور آفات راحت دستہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ بڑی مشقت کے بعد کار کو ندی سے باہر نکالا گیا۔ کار کے باہر آنے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولیس نے اس شدید حادثے میں معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانچ میں حادثے کی وجہ کار کی تیز رفتار اور ممکنہ تکنیکی خرابی مانی جا رہی ہے۔ حالانکہ ابھی سرکاری طور پر اس کی تصدیق باقی ہے۔
مقامی انتظامیہ نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی ہے اور آگے کا قانونی عمل جاری ہے۔ اس حادثہ نے ایک بار پھر قومی شاہراہ پر تحفظاتی طریقوں اور تیز رفتار کے خطروں کو لے کر سنگین سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔