ہند-پاک کشیدگی کے آئینے میں مودی کے لیے سبق

جھڑپ کے تیسرے دن جب پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی فوج نے مساجد کو نشانہ بنایا، تو کرنل قریشی نے جواب دیا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے۔ انہوں نے اس الزام کا براہ راست جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کسی بھی مذہبی علامت کو نشانہ نہیں بناتا اور کسی بھی مذہب کی توہین نہیں کر سکتا۔
یہ الفاظ صرف پاکستان کے لیے نہیں تھے۔ یہ پیغام وزیراعظم اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں کے لیے بھی تھا۔ صرف وہی نہیں، ان کے تمام حامیوں کے لیے بھی جو انہیں اس امید پر منتخب کرتے رہے ہیں کہ وہ ہندوستان کے سیکولر کردار کو بدل کر اسے ایک ہندو راشٹر بنا دیں گے۔
2019 کے انتخابات کے بعد بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ 2014 کے بعد سے ’سیکولر‘ لفظ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے خوش ہو کر کہا تھا کہ 2019 کے انتخابات میں کوئی بھی پارٹی سیکولرزم کا نقاب اوڑھ کر عوام کو دھوکہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ مودی کے بعد پارٹی کے دوسرے سب سے بڑے لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے 2017 میں کہا تھا کہ ’سیکولر‘ سب سے بڑا جھوٹ ہے۔