پاکستان اور ایران کے سربراہان مملکت کا ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت جنگ بندی میں کردار پر اظہار تشکر

پاکستان اور ایران کے سربراہان مملکت کا ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت جنگ بندی میں کردار پر اظہار تشکر

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔

انہوان نے ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ اسلام آباد اور جنگ بندی کے سلسلے میں ایران کے اقدام کو کشیدگی میں کمی کی جانب ایک موثر اور تعمیری قدم قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی تنازعہ دونوں قوموں کے درمیان موجود بنیادی مسائل کو حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر اور دہشت گردی جیسے تنازعات کو بات چیت کے ذریعےحل کیا جا سکتا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے میں ایران کے مثبت کردار کی ایک بار پھر تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل قریب میں تہران کا دورہ کرکے صدر پزشکیان کے ساتھ  خطے کے مسائل اور مشترکہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس ٹیلی فونک بات چیت کے دوران ایرانی صدر  نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنگ اور تشدد سے نہ صرف مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ اس سے قوموں کے درد اور مصائب میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور اختلافات اور تنازعات کا پائیدار حل خونریزی نہیں ہے۔

پزشکیان نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاک بھارت کشیدگی کے مکمل خاتمے کے لئے تہران کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم کے آئندہ دورہ تہران کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے