دہلی: عآپ کے 13 کونسلروں نے پارٹی سے استعفیٰ کا کیا اعلان، بکھرتی نظر آ رہی کیجریوال کی پارٹی

سبھی کارپوریشن کونسلر نے استعفیٰ دے کر ’اندرپرستھ وکاس پارٹی‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پارٹی کے قائد ہیم چند گویل ہوں گے۔


اروند کیجریوال
دہلی میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کو اس وقت شیدد جھٹکا لگا جب 13 کارپوریشن کونسلروں نے اچانک استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ ان سبھی نے نہ صرف عآپ کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے، بلکہ ایک نئی پارٹی تشکیل دینے کا اعلان بھی کر دیا۔ دہلی اسمبلی انتخاب میں شکست کے بعد اروند کیجریوال کی پارٹی عآپ پوری طرح بکھرتی ہوئی نظر آ رہی ہے، اور کونسلروں کا استعفیٰ اس انتشار کی بہترین عکاسی کر رہا ہے۔
کونسلروں نے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے عآپ کی اعلیٰ قیادت پر میونسپل کارپوریشن ٹھیک سے نہ چلا پانے کا الزام عائد کیا ہے۔ اسی کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے کو پورا نہ کر پانے کے سبب ہم پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ کونسلروں نے نئی پارٹی سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کا نام ’اندر پرستھ وکاس پارٹی‘ ہوگا، اور مکیش گویل اس پارٹی کے قائد ہوں گے۔
کونسلروں کا کہنا ہے کہ ہم سبھی کارپوریشن کونسلر دہلی میونسپل کارپوریشن میں 2022 میں عآپ کی ٹکٹ سے منتخب ہوئے تھے، لیکن 2022 میں دہلی میونسپل کارپوریشن میں برسراقتدار ہونے کے باوجود پارٹی کی اعلیٰ قیادت دہلی میونسپل کارپوریشن کو مناسب طریقے سے چلانے میں ناکام رہی۔ اعلیٰ قیادت کا کونسلروں سے آپس میں ربط نہ کے برابر رہا، جس کی وجہ سے پارٹی اپوزیشن میں پہنچ گئی۔ کونسلرز نے یہ بھی کہا کہ ہم کارپوریشن کونسلر آج مورخہ 17 مئی 2025 کو اپنی ایک پارٹی بنا رہے ہیں، جس کا نام ’اندرپرستھ وکاس پارٹی‘ ہوگا اور اس کے ذریعہ لیے گئے فیصلوں پر مکمل اتفاق ظاہر کرتے ہیں۔ ہم سبھی مکیش گویل جی کو اپنی پارٹی کا قائد قبول کرتے ہیں۔
کونسلروں نے یہ بھی مطلع کیا کہ آج ہیم چند گویل کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی، جس میں 13 کارپوریشن کونسلرز نے مکیش گویل کو اندرپرستھ وکاس پارٹی کا لیڈر منتخب کیا۔ دراصل ہیم چند گویل کی قیادت میں ہی تھرڈ فرنٹ پارٹی بنانے کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ جن 13 عآپ کونسلروں نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے، ان کے نام اس طرح ہیں: مکیش گویل، ہیم چند گویل، دنیش بھاردواج، ہمانی جین، اوشا شرما، صاحب کمار، راکھی کمار، اشوک پانڈے، راجیش کمار، انل رانا، دیویندر کمار، روناکشی شرما، منیشا۔ حالانکہ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق مکیش گویل نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی پارٹی کو 15 کونسلر کی حمایت حاصل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔