ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ’روہت شرما اسٹینڈ‘ کا ہوا افتتاح، تقریب میں روہت ہوئے جذباتی

جمعہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ایک خاص تقریب کے دوران ایم سی اے نے روہت کے نام پر تیار اسٹینڈ کا افتتاح کیا۔ اس دوران روہت کے ساتھ ان کی بیوی اور والدین بھی موجود تھے۔


روہت شرما اسٹینڈ، تصویر سوشل میڈیا
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ہندوستانی کرکٹ کو کئی شاندار لمحات دیے ہیں۔ گزشتہ 18 سالوں سے روہت نے دنیائے کرکٹ میں ہندوستان کی شان بڑھانے میں اہم کردار نبھایا ہے۔ ایسے میں جب روہت دھیرے دھیرے اپنے کیریئر کے آخری دور میں داخل ہو چکے ہیں، انھیں ایک ایسا اعزاز ملا ہے جو صرف ہندوستان ہی نہیں، بلکہ دنیائے کرکٹ میں بھی چنندہ کھلاڑیوں کو ملا ہے۔ ممبئی کرکٹ ایسو سی ایشن (ایم سی اے) نے تاریخی وانکھیڑے اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ کو ہٹ مین کے نام وقف کر دیا ہے۔ 16 مئی کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ایک خصوصی تقریب کے دوران روہت شرما اسٹینڈ کا باضابطہ افتتاح ہوا۔
ممبئی کرکٹ ایسو سی ایشن نے کچھ ہی دن قبل روہت شرما اسٹینڈ تیار کرنے کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ وہ ٹی-20 عالمی کپ کے ساتھ ساتھ چمپئنز ٹرافی جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو اعزاز بخشنا چاہتے ہیں۔ ایم سی اے کا منصوبہ تھا کہ آئی پی ایل 2025 کے مقابلے کے دوران روہت شرما اسٹینڈ کا افتتاح ہو، لیکن درمیان میں ہی ٹورنامنٹ کو روکنا پڑا تھا۔ نتیجہ کار افتتاحی تقریب بھی ملتوی ہو گئی تھی، لیکن اب ایم سی اے نے خصوصی تقریب کا انعقاد کر روہت شرما اسٹینڈ کا افتتاح کر دیا۔
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں جب ایم سی اے نے روہت کے نام وقف اسٹینڈ کا افتتاح کیا، تو اس دوران روہت شرما کے ساتھ ان کی شریک حیات اور والدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، ایم سی اے کے سابق چیف شرد پوار، ایم سی اے کے موجودہ چیف اجنکیا نائک سمیت کئی افسران اور کرکٹ شائقین کی موجودگی بھی دیکھنے کو ملی۔ تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ روہت شرما اسٹینڈ سے پردہ اٹھانے کے لیے بٹن روہت شرما نے خود نہیں دبایا، بلکہ اس کے لیے انھوں نے والدین کو اسٹیج پر بلایا اور ان کے ہاتھوں بٹن دبایا گیا۔
اس اعزاز کے بعد روہت شرما انتہائی جذباتی نظر آئے۔ انھوں نے وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے وہ لمحہ بالکل مختلف احساس والا ہوگا جب اس میدان پر وہ دوبارہ کھیلنے اتریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں دو فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں، لیکن اب بھی ایک فارمیٹ کھیل رہا ہوں۔ اس لیے ابھی کھیلتے ہوئے مجھے اس طرح کا اعزاز ملنا اپنے آپ میں بہت خاص ہے۔ ابھی 21 تاریخ کو جب میں ممبئی انڈینز کی طرف سے دہلی کیپٹلز کے خلاف اتروں گا تو اسٹینڈ پر اپنا نام دیکھنا بہت خاص ہوگا۔‘‘
اس تقریب میں روہت شرما اسٹینڈ کے علاوہ سابق ہندوستانی کپتان اجیت واڈیکر اور شرد پوار کے نام وقف اسٹینڈ کا بھی افتتاح ہوا۔ شرد پوار طویل مدت تک ایم سی اے چیف رہے تھے، اور یہیں سے وہ بی سی سی آئی صدر بھی بنے تھے۔ ان کی مدت کار میں ہی بی سی سی آئی کا دفتر کولکاتا سے منتقل ہو کر ممبئی آیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔