پاکستان بڑھا رہا ہے موبائل ٹاورز کی رینج، جاسوسی کا خطرہ دیکھ کر جیسلمیر-سری گنگا نگر میں پاکستانی سِم پر پابندی

جیسلمیر کے کلکٹر پرتاپ سنگھ کے مطابق، پاکستان کی جانب سے سرحد کے پاس موبائل ٹاورز کی رینج بڑھائی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے غیر قانونی مواصلات اور جاسوسی کے امکانات میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔


جنگ بندی کے بعد بھی ہندوستان کو اپنے پڑوسی ملک پاکستان پر بھروسہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ راجستھان انتظامیہ نے ہند-پاک سرحد پر جاسوسی کے خدشات کے پیش نظر سیکورٹی کے حوالے سے نگرانی بڑھا دی ہے۔ خاص طور سے جیسلمیر اور سری گنگا نگر اضلاع میں پاکستانی سِم کارڈ کے استعمال پر مکمل طور سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جیسلمیر کے کلکٹر پرتاپ سنگھ نے بدھ (14 مئی) کو بتایا کہ پاکستان کی جانب سے سرحد کے پاس موبائل ٹاورز کی رینج بڑھائی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے غیر قانونی مواصلات اور جاسوسی کے امکانات میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔ اسی کے پیش نظر یہ سخت قدم اٹھایا گیا ہے۔ سری گنگا نگر کے ضلع کلکٹر نے بھی اسی طرح کا حکم جاری کیا ہے۔
سرحد سے 50 کلومیٹر کے دائرے میں واقع گاؤں میں باہری لوگوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ بی ایس ایف اور مقامی پولیس ہائی الرٹ پر ہے اور حساس علاقوں میں مسلسل گشت کی جا رہی ہے۔ بی ایس ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ (انٹلی جنس) مہیش چندر جات نے عام لوگوں کو ڈرون سرگرمیوں کے بارے میں بتانے کے لیے ایک ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ سرحد پار سے ڈرون سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے اور لوگوں کو اس کی شناخت اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں معلومات ہونی چاہیے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے جے پور، الور، بھرت پور، کوٹا، اور اجمیر سمیت سرحدی اضلاع باڑمیر، جیسلمیر، بیکانیر، سری گنگا نگر اور جودھ پور کو حساس علاقے قرار دیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائنز میں ان علاقوں میں الیکٹرک سائرن لگانے کی ہدایت دی گئی ہے، جنہیں مرکزی کنٹرول روم سے چلایا جائے گا۔ حالانکہ سرحدی علاقوں میں زندگی آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہے۔ بازار دوبارہ سے کھل گئے ہیں اور روزمرہ کی سرگرمیاں پھر سے شروع ہو گئی ہیں۔ بیکانیر جودھ پور اور کشن گڑھ ہوائی اڈوں پر پرواز کی خدمات بھی بحال ہو گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے سرحدی علاقوں میں امتحانی شیڈول میں رکاوٹ کے بعد نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔