کینیڈا کی وزیر خارجہ بنی انیتا آنند، ہند نژاد پہلی ہندو خاتون کو سفارتی محاذ کی کمان

کینیڈا کی کے نئے وزیر اعظم مارک کارنی نے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد نئی کابینہ کا اعلان کیا ہے، جس میں ہند نژاد انیتا آنند کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔ انیتا آنند اس سے قبل دفاع، خزانہ، ٹرانسپورٹ اور داخلی تجارت جیسے اہم محکموں کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔
پہلی بار رکن پارلیمان منتخب ہونے کے فوراً بعد وزارت ملنے والی انیتا آنند کو کینیڈا کی پہلی ہندو خاتون رکن پارلیمان اور پہلی ہندو خاتون کابینہ وزیر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اب بطور وزیر خارجہ ان کا تقرر ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور کینیڈا کے تجارتی تعلقات کشیدہ ہیں اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا کو ’امریکہ کی 51ویں ریاست‘ قرار دینے جیسے بیانات دے چکے ہیں۔