ہردوئی میں رام گنگا ندی کا المناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد ندی میں گرے، 3 بچے لاپتہ

لکھنؤ: اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں پیر کو ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جب ایک ہی خاندان کے سات افراد رام گنگا ندی کو عبور کرتے وقت ندی کی تیز دھارا میں بہہ گئے۔ یہ واقعہ ارول تھانہ حلقے میں پیش آیا، جہاں دیہاتیوں کی فوری مدد سے چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا، مگر تین بچے آخری اطلاع موصول ہونے تک لاپتہ تھے جن کی تلاش جاری تھی۔
مقامی اطلاعات کے مطابق دیواری لال اور بلرام پھیرے کے خاندان کے افراد رام گنگا ندی کے پار اپنے کھیت میں تربوز اور خربوزے کی کاشت کرتے ہیں۔ وہ روزانہ کی طرح پیر کے روز بھی ندی پار کر کے کھیت سے واپس آ رہے تھے۔ واپسی کے دوران جب وہ کشتی میں سوار ہو کر ندی عبور کر رہے تھے تو ندی کی تیز دھارا نے کشتی کو بے قابو کر دیا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی اور تمام سات افراد پانی میں گر گئے۔