ڈراپ آؤٹ بچوں کو پڑھائے گی دہلی پولیس، ’نئی دِشا–سیکھنے کی راہ‘ نام سے نئی پہل شروع کرنے کا فیصلہ

ڈی سی پی ابھیشیک دھانیا نے کہا کہ ’’پولیس افسران مقامی اسکولوں، غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی کارکنان کے ساتھ باہمی اشتراک کر کے کئی طرح کی امدادی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔‘‘


اسکول سے ڈراپ آؤٹ بچوں کو از سر نو تعلیم سے جوڑنے کے لیے دہلی پولیس نے ایک نئی پہل شروع کی ہے۔ دہلی پولیس نے اس منصوبہ کو ’نئی دِشا-سیکھنے کی راہ‘ نام دیا ہے۔ اس پہل سے ڈراپ آؤٹ بچوں کی تعداد کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ دہلی پولیس کے مطابق اس پہل سے اسکول چھوڑ چکے بچوں کو دوبارہ سے تعلیمی میدان میں واپس لایا جائے گا اور انہیں اسکول بھیجا جائے گا۔
افسران نے اس نئی پہل کے متعلق بتایا کہ اس بہترین اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے پولیس اہلکار اسکولی تعلیم کو درمیان میں ہی چھوڑنے والے بچوں کے گھر جا رہے ہیں۔ بچوں اور ان کے اہل خانہ سے براہ راست بات کر رہے ہیں تاکہ اسکول چھوڑنے کے پیچھے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ ساتھ ہی انہیں اپنی ادھوری تعلیم کو پھر سے شروع کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی مشرق) ابھیشیک دھانیا نے کہا کہ یہ پہل لاء انفارسمینٹ سے کہیں بڑھ کر ہے۔
ڈی سی پی ابھیشیک دھانیا نے مزید کہا کہ یہ پروگرام دہلی پولیس کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ ہر بچہ کو تعلیم کا دوسرا موقع فراہم کیا جائے۔ پولیس افسران مقامی اسکولوں، غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی کارکنان کے ساتھ باہمی اشتراک کر کے کئی طرح کی امدادی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ داخلے کی سہولت، جذباتی مشاورت سے لے کر تعلیمی امداد بھی پولیس کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی سی پی کے مطابق مالی رکاوٹوں، گھریلو مسائل یا ذاتی ناکامیوں کی وجہ سے تعلیم کو درمیان میں ہی چھوڑنے والے طلبہ پہلے سے ہی اسکول واپس آنے لگے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم سے جوڑنا بہت ہی ضروری ہے۔ یہ پروگرام پولیسنگ میں تبدیلی کا واضح نشان ہے۔ پولیس مسلسل سیکورٹی سے بااختیار بنانے کی طرف قدم بڑھا رہی ہے۔ اس کامیابی کی بنیاد پر، دہلی پولیس دیگر اضلاع میں بھی اس پہل کو توسیع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔