مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جوہری معاہدے میں شامل شق کے غلط استعمال پر یورپی ممالک کو منتبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسنیپ بیک میکانزم کے کسی بھی قسم کے غلط استعمال کے سنگین اور خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں عراقچی نے کہا کہ ایران نے اپنا موقف واضح طور پر بیان کردیا ہے۔ ہم نے باضابطہ طور پر معاہدے کے تمام دستخط کنندگان کو خبردار کیا ہے کہ اسنیپ بیک میکانزم کا کوئی بھی غلط استعمال نہ صرف یورپ کے اس معاہدے میں کردار کے خاتمے کا سبب بنے گا بلکہ ایسے تناؤ کو جنم دے سکتا ہے جس میں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تینوں یورپی ممالک خود سے سوال کریں کہ حالات بندگلی تک کیسے پہنچے۔
وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ روس اور چین کے ساتھ حالیہ مشاورتوں کے بعد میں نے پیرس، برلن اور لندن کا سفر کرنے اور یورپ کے ساتھ تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی۔ اس پیشکش کے نتیجے میں نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر ابتدائی بات چیت ہوئی جو امیدافزا آغاز ہے۔ تاہم وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔