تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے امریکہ اور چین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے امریکہ اور چین کے درمیان دو روزہ اجلاس ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ یعنی ٹریژری آف اسٹیٹ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ وہ دو روزہ ملاقاتوں کے بعد چین کے ساتھ ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں جس سے امریکا کو تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ تاہم انہوں نے اس معاہدے کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں اور نہ ہی یہ بتایا کہ امریکہ کے تجارتی خسارے کو کیسے کم کیا جائے گا ۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے سے متعلق مزید تمام تفصیلات پیر یعنی آج کو شیئر کی جائیں گی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ان مذاکرات کے نتائج سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ چین کے نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ اور دو چینی نائب وزراء نے مذاکرات میں حصہ لیا۔
دونوں فریقوں نے چین سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر امریکہ کی طرف سے عائد کردہ 145 فیصد محصولات اور چین کی طرف سے امریکی اشیاء پر عائد کردہ 125 فیصد محصولات کو کم کرنے کے کسی منصوبے کا ذکر نہیں کیا۔ امریکی حکام نے دو روزہ مذاکرات کو "ایک معاہدہ” قرار دیا جس سے امریکہ کے 1.2 ٹریلین ڈالر کے تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد جنیوا میں ہونے والی یہ ملاقات امریکہ اور چین کے سینئر اقتصادی حکام کے درمیان پہلی آمنے سامنے ملاقات تھی۔ ٹرمپ نے اپنے دور حکومت میں چین پر متعدد بار سخت محصولات عائد کیے ہیں، جن میں فروری میں 20 فیصد اور اپریل میں 34 فیصد ٹیکس شامل ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت عملی طور پر رک گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔