ٹرمپ کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان حیران کن، معاملے کو بین الاقوامی رنگ دینا ناقابل قبول: کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان ٹرمپ کی جانب سے کیے جانے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا حکومت ہند نے اس ثالثی کو تسلیم کیا ہے؟ اتوار کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈر اور جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے کہا کہ حالیہ واقعات میں غیر معمولی تیزی آئی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے سوشل میڈیا پر جنگ بندی کا اعلان دنیا بھر کے لیے حیرت کا سبب بنا۔
سچن پائلٹ نے کہا کہ یہ شاید پہلا موقع ہے کہ امریکہ کے صدر نے سوشل میڈیا پر جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، جبکہ اس سے پہلے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ یہ ان کا مسئلہ نہیں۔ تاہم صرف دو دن بعد، امریکی صدر، نائب صدر اور وزیر خارجہ نے یکے بعد دیگرے جنگ بندی کی بات کی اور بعد ازاں پاکستان اور ہندوستان کی طرف سے بھی اس کی تصدیق کر دی گئی۔