ہندوستان نے جنگ بندی کے باوجود ’سندھو آبی معاہدہ‘ معطل رکھنے کا کیا فیصلہ، پاکستان نے ایئر اسپیس کھولنے کا کیا اعلان
پاکستان نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق فیصلہ کے فوراً بعد اپنے ایئر اسپیس کو سبھی طرح کے سفر کے لیے کھول رہا ہے۔
سندھ آبی معاہدہ
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آج شام سے جنگ بندی ہو گئی۔ حالانکہ وزارت خارجہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود ’سندھو آبی معاہدہ‘ معطل رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ذریعہ ہندوستان سے رابطہ کیے جانے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق قائم ہو گیا۔ اس میں کوئی بھی پیشگی شرط یا بعد کی شرط نہیں لگائی گئی ہے۔ سندھو آبی معاہدہ معطل ہے۔ اور دہشت گردی پر ہندوستان کی پوزیشن حسب سابق ہے۔
اس درمیان پاکستان نے ہفتہ کی شام اعلان کیا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق فیصلہ کے فوراً بعد اپنے ایئر اسپیس کو سبھی طرح کے سفر کے لیے کھول رہا ہے۔ پاکستانی ہوائی اڈہ اتھارٹی (پی اے اے) نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب ہندوستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے ختم ہونے کے بعد ملک میں معمول والے حالات لوٹتے نظر آ رہے ہیں۔ پی اے اے نے کہا کہ ’’ملک کے سبھی ہوائی اڈے عام ہوائی سفر کے لیے دستیاب ہیں۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے جدید پروگرام کے لیے متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کریں۔‘‘ اس نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ہوائی علاقہ سبھی طرح کی پروازوں کے لیے پوری طرح سے بحال کر دیا گیا ہے، اور ملک کے سبھی ہوائی اڈے معمول کی پرواز کے لیے دستیاب ہیں۔ ہندوستان کے ساتھ کشیدگی کے سبب پاکستان کا ہوائی علاقہ کچھ وقت کے لیے بند رہا، جس سے مستقل ہوائی سفر رخنہ انداز ہوا اور مسافروں کو پریشانی ہوئی۔
اس سے قبل آج شام ہندوستانی وزارت خارجہ کے سکریٹری وکرم مسری نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق قائم ہو گیا ہے۔ مسری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شام 5 بجے سے زمین، ہوا اور سمندر میں سبھی طرح کی گولی باری اور فوجی کارروائی بند کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہفتہ کی دوپہر فون پر بات کی تھی۔ مسری نے ساتھ ہی بتایا کہ ہندوستان نے اپنی شرطوں پر جنگ بندی کی ہے اور 12 مئی کو دونوں ممالک کے ڈی جی ایم او پھر سے بات کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔