ہند-پاک کیشدگی: کیا سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی اور کپل دیو کی بھی سرحد پر لگے گی ڈیوٹی؟
ہندوستان کی ٹیریٹوریل آرمی کا حصہ بننے والی کئی بڑی ہستیوں کی سرحد پر ڈیوٹی لگ سکتی ہے۔ ان ہستیوں میں سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی اور کپل دیو بھی شامل ہیں۔
(دائیں سے بائیں) دھونی، سچن، کپل دیو
مرکزی حکومت نے فوجی چیف کو اختیار دیا ہے کہ وہ مستقل فوج کی مدد کے لیے ٹیریٹوریل آرمی (ٹی اے) کے افسران اور جوانوں کا تعاون حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ قدم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری تشدد کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے محکمہ فوجی امور نے 6 مئی کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ حکم 10 فروری 2025 سے 9 فروری 2028 تک 3 سالوں کے لیے نافذ رہے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ٹیریٹوریل آرمی کا قیام 9 اکتوبر 1949 کو ہوا تھا اور گزشتہ سال اس کے قیام کے 75 سال پورے ہوئے ہیں۔ اس فورس نے دہائیوں کے اپنے سفر کے دوران جنگ کے وقت اور انسانی و ماحولیاتی تحفظ کے کاموں میں ملک کی خدمت کی ہے۔ یہ پوری طرح سے مستقل فوج کے ساتھ انٹگریٹیڈ ہے۔ قومی تعمیر کی کوششوں اور جنگ یا تشدد کے دوران کیے گئے تعاون کے احترام میں، ٹیریٹوریل آرمی میں کئی اشخاص کو بہادری کے ساتھ ساتھ خصوصی سروس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
بہرحال، مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’ٹیریٹوریل آرمی رول 1948 کے رول 33 کے ذریعہ حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، مرکزی حکومت، فوجی چیف کو اس اصول کے تحت طاقتوں کا استعمال کرتے ہوئے ٹیریٹوریل آرمی کے ہر افسر اور ہر بھرتی شخص کو ضروری سیکورٹی فراہم کرنے یا مستقل فوج کو مدد یا تعاون کرنے کے مقصد سے شامل کرنے کے لیے طلب کرنے کا اختیار دیتی ہے۔‘‘
سرکاری نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’موجودہ 32 انفینٹری بٹالینوں (ٹیریٹوریل آرمی) میں سے 14 انفینٹری بٹالینوں (ٹیریٹوریل آرمی) کو جنوبی کمان، مشرقی کمان، مغربی کمان، مڈل کمان، شمالی کمان، جنوب مغربی کمان، انڈمان اور نکوبار کمان اور فوجی تربیت کمان (اے آر ٹی آر اے سی) کے علاقوں میں تعیناتی کے لیے شامل کیا گیا ہے۔‘‘
اس نوٹیفکیشن کے بعد ٹیریٹوریل آرمی میں شامل کئی مشہور ہستیوں کے سرحد پر بھیجے جانے کا راستہ ایک طرح سے صاف ہو گیا ہے۔ ہندوستان کی ٹیریٹوریل آرمی میں دنیائے کرکٹ سے بھی کئی ہستیاں شامل ہیں، مثلاً سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی، کپل دیو وغیرہ۔ فلمی اداکار موہن لال بھی ٹیریٹوریل آرمی میں لیفٹیننٹ کرنل کا عہدہ رکھتے ہیں۔ انھیں یہ اعزاز 2009 میں دیا گیا تھا۔ اسی طرح کانگریس لیڈر سچن پائلٹ، بی جے پی رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر بھی ٹیریٹوریل آرمی میں فعال طور سے شامل رہے ہیں۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا ٹیریٹوریل آرمی میں میجر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ ایسے کئی مزید نام ہیں جو ٹیریٹوریل آرمی کا حصہ ہیں، اور اب فوجی چیف کو یہ اختیار ہے کہ جب چاہیں انھیں سرحد پر ڈیوٹی کے لیے تعینات کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔