ہند-پاک کشیدگی: روہت، وراٹ، بمراہ نے حوصلہ بخش پیغامات کے ذریعہ ہندوستانی فوج کو پیش کیا سلام

روہت شرما نے اپنے جذباتی پیغام میں کہا کہ ’’ہر گزرتے لمحہ کے ساتھ، لیے گئے ہر فیصلے کے ساتھ مجھے ہماری ہندوستانی فوج، ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستانی بحریہ پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔‘‘


پاکستان کی ناپاک حرکتوں کو ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ ناکام بنا دیا ہے۔ پاکستانی فوج کے حملوں کا ہندوستان لگاتار منھ توڑ جواب دے رہا ہے۔ نتیجہ کار پاکستان میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ اس درمیان ہندوستان کا بچہ بچہ ہندوستانی فوج کی حمایت میں کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹرس روہت شرما، وراٹ کوہلی اور جسپریت بمراہ نے بھی ہندوستانی فوج کی حمایت میں سوشل میڈیا پر حوصلہ افزا پیغام جاری کرتے ہوئے انھیں سلام پیش کیا ہے۔
حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے طوفانی بلے باز روہت شرما نے ہندوستانی فوج کے لیے ’ایکس‘ پر جذباتی پیغام لکھا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’ہر گزرتے لمحہ کے ساتھ، لیے گئے ہر فیصلے کے ساتھ مجھے ہماری ہندوستانی فوج، ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستانی بحریہ پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔ ہمارے جنگجو ہمارے ملک کے وقار کے لیے کھڑے ہیں۔ ہر ہندوستانی کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ کسی بھی جھوٹی خبر پر بھروسہ نہ کرے۔ سبھی لوگ محفوظ رہیں۔‘‘ اس پوسٹ میں انھوں نے ’آپریشن سندور‘ اور ’جئے ہند‘ ہیش ٹیگ بھی لگایا ہے۔
مایہ ناز ہندوستانی کرکٹر وراٹ کوہلی نے انسٹاگرام پر اسٹوری کے ذریعہ اپنے جذبات سامنے رکھے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہم اس مشکل وقت میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم انھیں سلام کرتے ہیں۔ ہم اپنے ہیروز کی بے پناہ بہادری کے لیے ہمیشہ ان کے قرض دار رہیں گے اور ہمارے ملک کے لیے ان کے اور ان کے کنبوں کے ذریعہ کی گئی قربانیوں کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہیں۔ جئے ہند۔‘‘
دنیائے کرکٹ میں اپنی تیز گیندبازی سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے جسپریت بمراہ نے بھی ہندوستانی فوج کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’ہم اپنی ہندوستانی فوج کی ہمت اور بہادری کے لیے ان کے شکرگزار ہیں۔ ہم انھیں سلام پیش کرتے ہیں اور ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے ان کے ذریعہ کیے گئے ہر کام کے لیے ہمیشہ ان کے قرض دار رہیں گے۔‘‘
مذکورہ بالا کرکٹرس کے علاوہ بھی کئی کرکٹرس نے اپنے اپنے الفاظ میں ہندوستانی فوج کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ مثلاً سوریہ کمار یادو نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں اپنی فوج اور ان کی بہادری پر بہت فخر ہے۔ آپ ہی کی وجہ سے ہم محفوظ اپنے گھروں میں رہ پاتے ہیں۔ سرحدوں پر ہماری حفاظت کرنے میں آپ کی طاقت اور عزائم کو سلام۔‘‘ اسی طرح سابق کرکٹر شکھر دھون نے ’ایکس‘ پر ’بھگوت گیتا‘ کا ایک شلوک لکھا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’آپ نے امن قائم کرنے کے لیے جو کچھ بھی کر سکتے تھے، کیا۔ اب جاؤ، انھیں وہ جنگ دو، جو وہ چاہتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔