آئی پی ایل 2025 ملتوی ہونے کے بعد ’ایشیا کپ 2025‘ کو رَد کرنے کا فیصلہ!

ایشیا کپ 2025 آئندہ ستمبر ماہ میں کھیلا جانے والا تھا، جس کے رَد کیے جانے سے نہ صرف پاکستان، بلکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کو بڑا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔


ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسے حالات پیدا ہو چکے ہیں، اور اس نے کرکٹ کو بری طرح متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ آئی پی ایل 2025 کو ملتوی کرنے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے، اور اب یہ خبر سامنے آ رہی ہے کہ ’ایشیا کپ 2025‘ کو رد کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ کو پیش نظر رکھتے ہوئے رواں سال ستمبر ماہ میں ’ٹی-20‘ فارمیٹ میں کھیلا جانا تھا۔
’اسپورٹس تک‘ کی رپورٹ کے مطابق ہند-پاک کشیدگی کو دیکھتے ہوئے رواں سال ایشیا کپ نہ کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سے ہندوستان کو مالی طور پر کوئی نقصان نہیں ہوگا، لیکن پاکستان کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کو کروڑوں روپے کا چونا لگ جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی دیگر ٹیموں کو بھی اس سے کافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ہندوستان کو ایشیا کپ ٹورنامنٹ رَد ہونے سے مالی طور پر کوئی نقصان اس لیے نہیں ہوگا، کیونکہ اس سے ہوئی کمائی میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ اپنا حصہ نہیں لیتا تھا۔
دراصل سابق ہندوستانی کرکٹر اور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے کچھ وقت پہلے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ بی سی سی آئی کبھی بھی ایشیا کپ سے ہونے والی کمائی میں اپنا حصہ نہیں لیتا۔ وہ اپنا حصہ کرکٹ کے فروغ کی ضرورت والے ممالک کو دے دیتا ہے۔ اس سے واضح ہو جاتا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کھیل کر ہندوستانی ٹیم صرف اپنی آگے کی تیاریوں پر توجہ دیتی ہے۔ یعنی ایشیا کپ رد ہونے سے بی سی سی آئی کو کچھ خاص نقصان نہیں ہونے والا ہے۔ دوسری طرف پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کرکٹ بورڈ کے لیے یہ آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ ان کی جیب کٹ جائے گی اور کروڑوں روپے کمانے سے وہ محروم رہ جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی دیگر ٹیموں پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔