مہر خبررساں ایجنسی ہندوستان ٹائمز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام جموں میں یکے بعد دیگرے کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے نتیجے میں شہر میں بجلی کا نظام مکمل معطل ہوگیا اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دھماکوں سے قبل آسمان پر سرخ روشنی کے گولے دیکھے گئے۔ کئی مقامات پر فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے جس کے بعد شہر کی بجلی منقطع ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جن میں سیاہ آسمان پر سرخ چمک اور میزائل نما اشیاء دیکھی جاسکتی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق، دھماکوں کے فوری بعد دکانیں بند ہوگئیں اور شہری اپنے گھروں کو لوٹنے لگے۔ اطلاعات کے مطابق متعدد رہائشی علاقوں میں خوف کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
حکام کی جانب سے ان دھماکوں کی نوعیت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوچکے ہیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے سابق ڈائریکٹر جنرل، شیش پال وید نے ایکس پر کہا کہ جموں میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔ زوردار دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں۔ بمباری، گولہ باری یا میزائل حملے کا شبہ ہے۔