’تمہارا سفر بہت شاندار رہا‘، ٹیسٹ کرکٹ سے روہت شرما کے ریٹائرمنٹ پر سچن تندولکر ہوئے جذباتی

سچن تندولکر کا کہنا ہے کہ ’’مجھے یاد ہے کہ 2013 میں ایڈن گارڈنز میں، میں نے تمہیں ٹیسٹ کیپ پہنائی تھی۔ کچھ روز قبل وانکھیڑے اسٹیڈیم کی بالکونی میں تمہارے ساتھ کھڑا تھا۔ تمہارا سفر بہت ہی شاندار رہا۔‘‘


ہندوستانی ٹیم کے جارحانہ بلے باز روہت شرما نے ٹی-20 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا ہے۔ حالانکہ روہت شرما نے ریٹائرمنٹ والی پوسٹ میں یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ ون ڈے میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ان کے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد موجودہ اور سابق کرکٹروں نے ان کو مبارک باد دیا ہے اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ اسی درمیان دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز سچن تندولکر نے بھی روہت شرما کے ریٹائرمنٹ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک جذباتی پوسٹ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے روہت شرما کے ساتھ گزارے ہوئے بہترین اور یادگار لمحوں کو بھی یاد کیا ہے۔
سچن تندولکر نے اپنے ’انسٹاگرام‘ پوسٹ پر لکھا کہ ’’مجھے یاد ہے کہ 2013 میں ایڈن گارڈنز میں، میں نے تمہیں ٹیسٹ کیپ پہنائی تھی۔ کچھ روز قبل وانکھیڑے اسٹیڈیم کی بالکونی میں تمہارے ساتھ کھڑا تھا۔ تمہارا سفر بہت ہی شاندار رہا۔‘‘ ماسٹر بلاسٹر نے آگے لکھا کہ ’’تب سے لے کر اب تک، تم نے ایک کھلاڑی اور کپتان کے طور پر ہندوستانی کرکٹ کو اپنی بہترین خدمات دیں۔ روہت، تمہارے ٹیسٹ کیریئر کے لیے بہت بہت مبارک باد اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات۔‘‘ روہت شرما سے متعلق سچن تندولکر کا مذکورہ بیان اس لیے اہمیت رکھتا ہے کیونکہ خود تندولکر نے ہی روہت شرما کو ٹیسٹ کیپ دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں سچن تندولکر کا آخری ٹیسٹ میچ ہی روہت شرما کے لیے ڈیبیو ٹیسٹ میچ تھا۔
سچن تندولکر کے علاوہ سابق سلامی بلے باز ویریندر سہواگ نے روہت شرما کی ریٹائرمنٹ پر ’کرکبز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ وہ تھوڑا اور کھیل سکتے تھے۔ روہت شرما 100 ٹیسٹ میچ کھیل سکتے تھے۔ ٹاپ آرڈر میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔ کیونکہ وہ تیزی سے رن بنانے میں ماہر تھے، لیکن روہت شرما نے جو فیصلہ لیا ہے، وہ بھی صحیح ہے۔‘‘ ویریندر سہواگ نے آگے کہا کہ ’’روہت شرما کا فیصلہ کافی حیران کن ہے، کیونکہ آئی پی ایل کے دوران ہی میں نے سنا تھا کہ وہ انگلینڈ دورے کی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔ ایسے میں ان کا ریٹائر منٹ کا فیصلہ حیرانی بھرا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ سلیکٹرز نے اپنے فیصلے کے بارے میں انہیں بتایا ہوگا، اسی وجہ سے روہت شرما نے یہ فیصلہ کیا ہے۔‘‘
1983 کے ورلڈ کپ فاتح کپتان کپل دیو نے ’پی ٹی آئی ویڈیو‘ سے روہت شرما کی ریٹائرمنٹ پر کہا کہ ’’انہوں نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ وقت کے ساتھ جس طرح سے انہوں نے خود کو ڈھالا اور کپتانی کی، خاص طور سے انہوں نے جس طرح کی کرکٹ کھیلی ہے، ہندوستان میں اس طرح کی کرکٹ بہت کم لوگوں نے کھیلی ہے۔ میں انہیں شاندار کیریئر کے لیے مبارک باد دیتا ہوں۔‘‘ ان سے جب ٹیسٹ ٹیم کے اگلے کپتان کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’سلیکٹر جسے بھی کپتان بنائیں گے وہ ہندوستانی ٹیم کے لیے بہتر ہوگا۔ حالانکہ روہت کی جگہ لینا مشکل ہے، لیکن کسی کو تو یہ ذمہ داری لینی ہوگی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔