آپریشن سندور: حکومت نے تمام جماعتوں کو دی بریفنگ، راہل گاندھی نے دیا مکمل حمایت کا یقین

آپریشن سندور پر مودی حکومت کی بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو بریف کیا گیا۔ راہل گاندھی اور اویسی سمیت اپوزیشن لیڈران نے حکومت کی حمایت کی


نئی دہلی میں آج مودی حکومت نے آپریشن سندور کے حوالے سے ایک اہم آل پارٹی میٹنگ بلائی، جس میں پاکستان اور پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات سیاسی جماعتوں کو فراہم کی گئیں۔ اس میٹنگ میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے اور دیگر جماعتوں کے لیڈران شریک ہوئے۔
ملکارجن کھڑگے نے میٹنگ کے بعد کہا کہ حکومت نے بتایا کہ قومی سلامتی کے پیش نظر کچھ تفصیلات خفیہ رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے ساتھ ہے۔ راہل گاندھی نے بھی کھڑگے کی بات کی تائید کی اور کہا کہ ہم نے حکومت کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے بھی سکیورٹی فورسز اور حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) کے خلاف عالمی سطح پر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے ٹی آر ایف کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی درخواست کی جائے اور پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی کوشش کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب 1:05 سے 1:30 کے درمیان صرف 25 منٹ میں آپریشن سندور انجام دیا گیا۔ اس کارروائی میں ہندوستانی مسلح افواج نے 24 میزائلوں سے 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا، جن میں سے پانچ ٹھکانے پاک مقبوضہ کشمیر میں جبکہ 4 پاکستان کے اندر تھے۔ یہ کیمپس دہشت گردوں کی بھرتی اور تربیت کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ ذرائع کے مطابق، اس آپریشن میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے خاندان کے 10 افراد بھی ہلاک ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔