انگلینڈ دورہ سے عین قبل روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان

روہت شرما نے 67 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، 40.57 کی اوسط سے انہوں نے 4301 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے 12 سنچری اور 18 نصف سنچری بھی اسکور کی۔ ساتھ ہی روہت شرما نے گیند بازی کرتے ہوئے 2 وکٹ بھی اپنے نام کیے۔


روہت شرما (تصویر سوشل میڈیا)
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ ہٹ مین کے نام سے مشہور روہت شرما نے بدھ (7 مئی) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر پوسٹ کے ذریعہ کرکٹ کے لمبے فارمیٹ ٹیسٹ کو الوداع کہنے کی جانکاری اپنے شیدائیوں کو دی۔ روہت شرما کے استعفیٰ کی خبر عین اس وقت آئی جب کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا تھا کہ سلیکشن کمیٹی نے انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
روہت شرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک اسٹوری پوسٹ کی، جس میں انہوں نے اپنی 280 نمبر کی ٹیسٹ کیپ کی تصویر ڈالی۔ روہت شرما نے اپنی اس پوسٹ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ سفید (کپڑوں) میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات رہی۔ اتنے سالوں تک آپ کی محبت اور آپ کی حمایت کے لیے شکریہ۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ کرکٹ کے ون ڈے فارمیٹ میں کھیلتے رہیں گے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں ون ڈے فارمیٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔‘‘
گزشتہ کچھ ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ میں روہت شرما کے مستقبل کو لے کر سوالات اٹھ رہے تھے، خاص طور پر ان کی کپتانی کے حوالے سے۔ گزشتہ سال ان کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کے خلاف گھر میں ہی 3-0 سے کلین سویپ اور پھر آسٹریلیا دورہ پر بھی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد سے ہی روہت شرما کا مستقبل میں دوبارہ ٹیسٹ فارمیٹ میں کپتانی کرنا مشکل معلوم پڑ رہا تھا۔ حالانکہ روہت شرما کو امید تھی کہ وہ انگلینڈ دورہ پر جائیں گے اور ٹیم کی قیادت بھی کریں گے۔ لیکن منگل (6 مئی) کو سلیکشن کمیٹی نے انہیں کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا تھا، جس کے بارے میں بی سی سی آئی کو بھی بتا دیا گیا تھا۔ ایسے میں روہت شرما کا ٹیم میں انتخاب کیا جانا بھی تقریباً ناممکن تھا، کیونکہ گزشتہ ایک سال سے اس فارمیٹ میں ان کا بلا پوری طرح خاموش رہا۔
روہت شرما نے 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ میں شاندار سنچری اسکور کی تھی، اگلے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے سنچری بنا کر ٹیم میں اپنی دعویداری کو مضبوط کر لیا تھا۔ اس کے بعد اگلے 6 سال تک وہ اس فارمیٹ میں جدوجہد کرتے رہے، اس وجہ سے انہیں کئی بار ٹیم سے اندر-باہر بھی ہونا پڑا۔ لیکن 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز میں روہت کو ٹیسٹ فارمیٹ میں پہلی بار سلامی بلے باز کے طور پر کھیلنے کا موقع ملا اور یہیں سے ان کا کیریئر بدل گیا۔ پھر 2022 میں وراٹ کوہلی کے کپتانی سے استعفیٰ کے بعد روہت شرما کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا۔ روہت نے 67 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 40.57 کی اوسط سے 4301 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے 12 سنچری اور 18 نصف سنچری بھی اسکور کی۔ ساتھ ہی روہت شرما نے گیند بازی کرتے ہوئے 2 وکٹ بھی اپنے نام کیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔