وزیر اعظم نریندر مودی کا ناروے، کرویشیا اور نیدرلینڈ دورہ ملتوی، پاکستان سے کشیدگی کے درمیان اہم فیصلہ

اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے روس دورہ بھی ملتوی کر دیا تھا۔ وزیر اعظم 9 مئی کو ماسکو میں ہونے والی ’وکٹری ڈے پریڈ‘ میں شرکت کرنے والے تھے۔


پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا دورۂ ناروے، کرویشیا اور نیدرلینڈ رَد کر دیا ہے۔ پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں 9 دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی سرجیکل اسٹرائیک کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پی ایم مودی کا 3 یوروپی ممالک کا دورہ رد کر دیا گیا ہے۔
دراصل پی ایم مودی 13 سے 17 مئی تک ناروے، کرویشیا اور نیدرلینڈ کا سفر کرنے والے تھے۔ انھیں نارڈک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے ناروے پہنچنا تھا، لیکن اب یہ دورہ منسوخ ہو گیا ہے۔ اس فیصلے کے بارے میں متعلقہ ممالک کو مطلع بھی کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل پی ایم مودی نے اپنا روس دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔ وہ 9 مئی کو ماسکو میں ہونے والی ’وکٹری ڈے پریڈ‘ میں شامل ہونے والے تھے۔ انھیں وکٹری ڈے پریڈ کے لیے روس نے مدعو کیا تھا، حالانکہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت ہند اس وقت پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف سخت رخ اختیار کیے ہوئے ہے۔ پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لیتے ہوئے ہندوستانی افواج نے پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اندر موجود دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعہ نیست و نابود کر دیا۔ اس حملے میں دہشت گردوں کے سرغنہ حافظ سعید اور مسعود اظہر کے ٹھکانوں کو بھی ہدف بنایا گیا۔ ہندوستان نے مظفر آباد، بہاولپور، مریدکے، سیالکوٹ اور کوٹلی کو ہدف بنا کر دہشت گردوں کی کمر توڑ دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔