بھارت کا پاکستان پر حملہ، 8 پاکستانی جانبحق اور 35 زخمی

بھارت کا پاکستان پر حملہ، 8 پاکستانی جانبحق اور 35 زخمی

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی نجی ٹی وی چینل جی ٹی وی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے مطابق ہندوستان نے پاکستان کے تین جگہوں پر حملہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے میزائل حملہ کیا ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ 

اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بزدل دشمن بھارت نے پاکستان میں 3جگہوں پرمیزائل داغے ہیں، میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وقت کا تعین کرکے بھرپور جواب دے گا، کوٹلی، مظفرآباد میں بھارت کی جانب سے میزائل داغے گئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے مسجد سبحان اللہ بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد میں میزائل داغے، بھارت نے بلااشتعال اور شرمناک حملہ کیا ہے، پاکستان اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔

بھارت نے جس طرح حملہ کیا اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے، پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے جس طرح حملہ کیا اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے۔

انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت نے شہری آبادی اورمساجد پرحملے کیے، بھارت کو بھرپورفوری جواب دیاجائے گا،ہم فوجی اور سفارتی سطح پر بھارت کو بھرپورجواب دیں گے۔

9 مقامات پر حملہ کیا، بھارت کا دعوی

بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں پر میزائل حملہ کیا ہے۔

بھارتی وزارت دفاع نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات کا دعوی کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔

پاکستانی فضائی حدود بند

بھارت کے میزائل حملوں کے بعد پاکستانی سول ایوی ایشن نے ملکی فضائی حدود کو 48 گھنٹوں کے لیے بند کردیا ہے۔

سول ایوی ایشن کے مطابق تمام پروازیں منسوخ  کردی گئی ہیں۔ اسلام آباداور لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے۔

 پاکستانی فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے، پاکستانی فوج کا دعویٰ

پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حملے کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

"آپریشن سندور” میں کسی فوجی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا، بھارت

بھارتی میڈیا کے مطابق فوج نے پاکستان کے خلاف "سندور آپریشن” کے تحت مظفر آباد سمیت 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں پاکستان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

پاکستان دشمن کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دے رہا ہے، پاکستانی وزیراعظم

پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی حالیہ سیکیورٹی صورتحال پر ایک سخت اور واضح بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان پر کیے گئے حملوں کو "بزدلانہ” قرار دیتے ہوئے دشمن کو خبردار کیا ہے کہ قوم اور افواج پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ "مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے”، جو نہ صرف پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے بلکہ خطے کے امن کو بھی خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان، بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے”۔

پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج صبح طلب کر لیا

وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج صبح 10 بجے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں بھارت کی طرف سے حالیہ حملے کے تناظر میں فوری اور ضروری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی دفاعی حکمت عملی اور ملکی سلامتی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں اعلیٰ عسکری حکام، سول قیادت اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے، اور اجلاس میں پاکستانی مسلح افواج کی تیاریوں، ملکی دفاعی پالیسیوں اور دشمن کی ممکنہ کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف قوم کو اعتماد میں لیں گے اور ملک کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔

پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، حکومتی فیصلہ

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آج (پیر) کے روز صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ طلباء اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دو ایٹمی ریاستوں کو تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، پاکستانی دفترخارجہ

پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے پاکستان کی جانب سے "بھارت کی کھلی جارحیت” کی سخت مذمت کی اور کہا کہ بھارتی فضائیہ نے بلااشتعال اور کھلی جنگی کارروائی کے تحت اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے اسٹینڈ آف ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی سرحد کے پار مریدکے، بہاولپور اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار کوٹلی اور مظفرآباد (آزاد جموں و کشمیر) میں کیے گئے ہیں، ان حملوں کا نشانہ عام شہری بنے ہیں۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری جانبحق ہوئے ہیں، اس حملے سے تجارتی فضائی پروازوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے، ایسی کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور بین الریاستی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے تناظر میں بھارتی قیادت نے ایک بار پھر دہشت گردی کا بہانہ بنا کر جھوٹا بیانیہ اپنایا ہے تاکہ خطے کے امن و سلامتی کو داؤ پر لگایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دو ایٹمی ریاستوں کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان، مسلح افواج اور عوام بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں، وہ ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور بقا کے لیے فولادی عزم کے ساتھ عمل کریں گے۔

"بھارت کے بزدلانہ” حملے میں 8 پاکستانی جانبحق اور 35 زخمی ہوئے، پاک فوج بھرپور جواب دے رہی ہے، آئی ایس پی آر

پاکستانی فوجی ترجمان میجرجنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے ہیں، جس میں 8 پاکستانی جانبحق اور 35 زخمی ہوگئے جبکہ دو لاپتا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا یہاں 4 حملے ہوئے اور 5 بے گناہ پاکستانی جانبحق ہوئے، جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہیں، دو مرد اور دو خواتین بھی جانبحق ہوئے اور 31 زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک مسجد سمیت شہری آبادی میں 4 کوارٹرز کو نقصان پہنچا جہاں عام لوگ رہائش پذیر تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مظفر آباد میں شاہی والا نالہ میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا اور یہاں دشمن کی طرف سے 7 حملے کیے گئے، اس میں ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے