مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی حالیہ سیکیورٹی صورتحال پر ایک سخت اور واضح بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان پر کیے گئے حملوں کو "بزدلانہ” قرار دیتے ہوئے دشمن کو خبردار کیا ہے کہ قوم اور افواج پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ "مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے”، جو نہ صرف پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے بلکہ خطے کے امن کو بھی خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان، بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے”۔