'امریکہ چھوڑو، 1000 ڈالر لو' – غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے ٹرمپ کا نیا منصوبہ

ٹرمپ حکومت نے غیر قانونی تارکین وطن کو 1000 ڈالر دے کر واپس بھیجنے کی نئی اسکیم شروع کی ہے، جس کے تحت سی بی پی ایپ کے ذریعے واپسی کی پیش کش کی جا رہی ہے


ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)، تصویر یو این آئی
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آتے ہی غیر قانونی تارکین وطن کے اوپر شکنجہ کسنا شروع کر دیا تھا۔ اب ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ سے جانے کے لیے نیا آفر دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو بھی ایسے لوگ ہیں جو اپنی خواہش سے امریکہ چھوڑ کر جانے کے لیے تیار ہیں، ان سبھی کو انتظامیہ 1000 امریکی ڈالر کی ادائیگی کرے گی۔
ہوم لینڈ سیکوریٹی محکمہ نے پیر کو جاری ایک پریس ریلیز میں اپنے منصوبہ کے بارے میں بتایا۔ اس ریلیز میں محکمہ نے کہا، ’’جو بھی غیر قانونی تارکین وطن سی بی پی ہوم نامی ایپ کے ذریعہ حکومت کو یہ بتاتے ہیں کہ وہ اپنے ملک جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انہیں سیکوریٹی ایجنسیوں کے ذریعہ حراست میں لے کر ملک بدر کرنے والی فہرست سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آپ کو محفوظ طریقے سے اپنے ملک پہنچنے کے لیے محکمہ ادائیگی بھی کرے گا۔‘‘
اس معاملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محکمہ کے سکریٹری کرسٹی نوئم نے کہا، ’’اگر آپ غیر قانونی طور سے امریکہ میں رہ رہے ہیں تو گرفتاری سے بچنے کا یہی ایک طریقہ ہے، یا پھر کہیں تو ریاستہائے متحدہ امریکہ سے بچ کر نکلنے کا یہی سب سے محفوظ طریقہ ہے۔ ہوم لینڈ سیکوریٹی محکمہ اب سی بی پی ایپ کے توسط سے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے گھر لوٹنے کے لیے ڈالر بھی دے رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں امریکہ میں غیر قانونی طور پر رہ رہے تارکین وطن کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا تھا۔ صدر عہدے کی حلف برداری کے ساتھ ہی انہوں نے غیر قانونی تارکین وطن کی پکڑ دھکڑ شروع کروا دی۔ امریکی انتظامیہ نے کئی ملکوں کے لوگوں کو ہوائی جہاز میں بھر بھر کر زنجیروں میں باندھ کر ان کے ملکوں میں چھوڑا۔ لیکن ٹرمپ انتظامیہ کا یہ فیصلہ بہت ہی مہنگا اور وسائل کو نچوڑنے والا ثابت ہوا۔ اس وجہ سے حکومت کے اوپر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ اس لیے ٹرمپ انتظامیہ اب اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لیے نئے طریقے تلاش کر رہی ہے۔