آئی پی ایل 2025: سانس روک دینے والے مقابلے میں کے کے آر نے راجستھان کو 1 رن سے ہرایا، پلے آف کی امیدیں برقرار
کے کے آر نے پہلے پلے بازی کرتے ہوئے 206 رن بنائے تھے۔ جواب میں راجستھان کی ٹیم 20 اورس میں 205 رن ہی بنا سکی۔ راجستھان کے کپتان ریان پراگ کی 95 رنوں کی شاندار اننگ رائیگاں چلی گئیں۔
جیت کے بعد خوشی مناتے ہوئے کے کے آر کے کپتان اجنکیا رہانے اور معین علی
کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) نے راجستھان رائلس (آر آر) کو سانس روک دینے والے مقابلے میں 1 رن سے شکست دے دی۔ اس میچ میں کے کے آر نے پہلے پلے بازی کرتے ہوئے 206 رن بنائے تھے، جس کے جواب میں راجستھان کی ٹیم 20 اورس میں 205 رن ہی بنا سکی۔ اس اعصاب شکن مقابلے میں راجستھان کے کپتان ریان پراگ نے 95 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی، لیکن اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔ راجستھان کی ٹیم تو پہلے ہی پلے آف سے باہر ہو چکی ہے، لیکن اس جیت کے ساتھ کولکاتا کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں اب بھی قائم ہیں۔ اس جیت کے ساتھ کولکاتا کے 11 میچوں میں 11 پوائنٹس ہو گئے۔
207 رنوں کے پہاڑ جیسے اسکور کا تعقاب کرنے اتری راجستھان کی ٹیم کی شروعات بے حد خراب رہی۔ گجرات کے خلاف سنچری بنانے والے 14 سالہ ویبھو سوریہ ونشی صرف 4 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے کنال سنگھ راٹھور بغیر کوئی رن بنائے ہی معین خان کو اپنا وکٹ دے بیٹھے۔ یشسوی جیسوال (21 گیندوں میں 34 رن) رن بھی آج بڑی اننگ نہیں کھیل سکے۔ کپتان ریان پراگ (45 گیندوں میں 95 رن) نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دھرو جوریل اور وانندو ہسرنگا بلے بازی میں کوئی کمال نہیں کر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے ورون چکرورتی کے شکار ہو گئے۔ ریان پراگ کے علاوہ شمرون ہیٹمائر (23 گیندوں میں 29 رن)، شوبھم ڈوبے (14 گیندوں میں 25 رن) اور جوفرا آرچر (8 گیندوں میں 12 رن) نے ٹیم کو جیت دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا۔ آخری گیند پر راجستھان کو جیت کے لیے 3 رن چاہیے تھے لیکن راجستھان کی ٹیم صرف ایک رن ہی بنا سکی۔ اگر کے کے آر کے گیند بازوں کی بات کی جائے تو معین علی، ہرشت رانا اور ورون چکرورتی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ویبھو ارورا ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کے کے آر کی بھی شروعات اچھی نہیں رہی سلامی بلے باز سنیل نارائن (9 گیندوں میں 11 رن) بنا کر اننگ کے دوسرے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد رحمان اللہ گرباز (25 گیندوں میں 35 رن) اور کپتان اجنکیا رہانے (24 گیندوں میں 30 رن) نے ٹیم کو ایک اچھی شروعات دی۔ اس کے بعد رگھوونشی (31 گیندوں میں 44 رن)، آندرے رسیل (25 گیندوں میں 57 رن) اور رنکو سنگھ (6 گیندوں میں 19 رن) کی طوفانی اننگ کے بعد کے کے آر نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنوں کا اسکور کیا۔ راجستھان رائلس کی جانب سے گیند بازی کرتے ہوئے جوفرا آرچر، یودھویر سنگھ، تھیکشنا اور ریان پراگ نے 1-1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔