حوثی باغیوں کے حملے کے بعد اسرائیل جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز ابوظہبی ڈائیورٹ، واپس دہلی لوٹے گا طیارہ

ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کی گئی آفیشیل بیان کے مطابق مسافرین اور عملے کی حفاظت کے مدنظر تل ابیب کے لیے آنے-جانے والی تمام پروازیں فوری طور پر 6 مئی تک معطل کر دی گئی ہیں۔


اتوار (4 مئی) کو دہلی سے تل ابیب جا رہی ایئر انڈیا کی پرواز کو ابو ظہبی کے لیے ڈائیورٹ کر دیا گیا۔ دراصل اسرائیلی ہوائی اڈہ کے قریب حوثی باغیوں کے میزائل حملہ کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کی رپورٹ کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آیا تب پرواز نمبر اے آئی-139 بوئنگ 787 طیارہ اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا تھا۔ یہ حادثہ طیارہ کے طے شدہ لینڈنگ سے تقریباً ایک گنٹہ قبل پیش آیا۔ طیارہ کو دوبارہ دہلی لایا جائے گا۔
فلائٹ رڈار 24 سے ٹریک کیے گئے فلائٹ ڈیٹا کے مطابق ڈائیورٹ کرنے کا یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب طیارہ اردن کی فضائی حدود سے گزر رہا تھا۔ ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کی گئی آفیشیل بیان کے مطابق مسافرین اور عملے کی حفاظت کے مدنظر تل ابیب کے لیے آنے-جانے والی تمام پروازیں فوری طور پر 6 مئی تک معطل کر دی گئی ہیں۔ ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق زمینی عملہ مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
حوثی باغیوں کے ذریعہ بین گرین ہوائی اڈہ پر بیلسٹک میزائل سے حملے کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ایک اہم میٹنگ بلائی تھی۔ ساتھ ہی شام 7 بجے اپنے سیکورٹی کابینہ کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کے خلاف جوابی کارروائی پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ واضح ہو کہ اسرائیلی سیکورٹی فورسز اس حملے کو روکنے میں ناکام رہے۔ حالانکہ میزائل حملے سے قبل ہوائی اڈہ پر لینڈنگ اور ٹیک آف روک دیا گیا تھا۔ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، صرف 6 لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جن کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔