مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اداره حج کے منتظمین اور زائرین بیت اللہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
تہران کے حسینیہ امام خمینی میں ہونے والی ملاقات کے دوران رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ حج ایک ایسی عبادت ہے، بلکہ شاید واحد ایسی عبادت ہے جس کی ظاہری شکل، ساخت اور ترکیب مکمل طور پر سیاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج کے وقت اور مقام میں لاکھوں افراد ہر سال جمع ہوتے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں حجاج کا جمع ہونا بذات خود ایک سیاسی اجتماع ہے۔ لوگوں کا اس طرح اکٹھا ہونا ایک سیاسی نوعیت کا عمل ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ حج کی سیاسی حیثیت کو کم کرنے والوں کے دعوؤں کے برعکس حج کی حقیقت اور اس کی ہیئت سراسر سیاسی ہے۔ اس کا انداز، اس کی ساخت اور سب کچھ سیاسی ہے۔
رہبر معظم نے اپنے خطاب کے آغاز میں شہید رجائی بندرگاہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا دوبارہ ذکر کیا اور جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس حادثے کو تلخ اور دردناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔