مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صہیونی وزیر جنگ کی تازہ دھمکیوں کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی اسرائیلی فضائیہ نے شام کے مختلف علاقوں میں شدید اور غیر معمولی حملے کیے۔
شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حالیہ برسوں کا سب سے بڑا اور منظم حملہ تھا جس میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے دمشق، ادلب، حرستا اور سویدا سمیت کئی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری ویڈیو میں صہیونی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے شام کے جنوبی علاقے سویدا میں لینڈ کیا ہے، جو دروزی آبادی والے علاقوں میں ممکنہ زمینی کارروائی کی طرف اشارہ ہے۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک فوجی اڈا، فضائی دفاعی نظام اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے ان حملوں کے لیے اپنے شہریوں کے دفاع کا بہانہ پیش کیا ہے۔
لبنانی چینل المیادین کے مطابق، اسرائیلی طیارے شام کے ساحلی، وسطی اور جنوبی فضاؤں میں مسلسل پرواز کرتے دیکھے گئے، جو ایک ہمہ گیر فضائی کارروائی کی غمازی کرتے ہیں۔ دمشق اور اطراف میں کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
صہیونی اخبار معاریو نے ان حملوں کو بشار الاسد حکومت کے زوال کے بعد شام پر اسرائیل کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا ہے۔