دہلی سے بغیر محرم خواتین عازمین حج مدینہ کے لیے روانہ، دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں رہیں موجود

چیئرپرسن کوثر جہاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی خوشگوار پہل پر اب سماج کے ہر طبقے کے لیے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔


بغیر محرم خواتین عازمین حج کو مدینہ روانہ کرتی ہوئیں کوثر جہاں، تصویر: پریس ریلیز


نئی دہلی: 2 مئی 2025 کو رات 8 بجے سعودی ایئر لائن کی چوتھی حج پرواز نمبر ایس-وی 3085 کے ذریعے 51 بغیر محرم خواتین، دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈہ سے حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے مقدس شہر مدینہ کے لیے روانہ ہوئیں۔ اس موقع پر اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمینل 3 پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر اسٹاف نے بغیر محرم خواتین حج کا خیر مقدم کیا اور انھیں گلپوشی کر کے حج کے سفر پر روانہ کیا۔


اس موقع پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی خوشگوار پہل پر اب سماج کے ہر طبقے کے لیے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ واضح ہو کہ آج دہلی سے سفر حج پر روانہ ہونے والی 51 خواتین میں دہلی کی 20 اتر پردیش کی 22، بہار کی 2، جموں و کشمیر کی 4، پنجاب کی 1 اور اتراکھنڈ کی 2 خواتین شامل تھیں۔
گزشتہ 30 اپریل سے شروع ہونے والی حج فلائٹ کے سلسلے کی آج چوتھی فلائٹ تھی جس میں اب تک 1646 عازمین حج حج بیت اللہ کے لیے مدینہ شیف کے لیے کوچ کر چکے ہیں۔ اب تک روانہ ہونے والے عازمین حج میں 839 مرد عازمین جبکہ خواتین عازمین کی تعداد 807 ہے۔ آئندہ 30 مئی تک چلنے والے حج فلائٹس میں دہلی سے کل 38 فلائٹیں شامل ہوں گی۔ 15 مئی تک کی تمام 16 فلائٹس مدینہ منورہ جبکہ 16 مئی سے 30 مئی تک کی 22 پروازیں مکہ المکرمہ کے لیے جدہ جائے گی۔