آئی پی ایل 2025: گجرات کے ذریعہ بنائے گئے 224 رنوں کے دباؤ میں دب گئی حیدر آباد کی ٹیم، 38 رنوں سے شکست

گجرات کی طرف سے ٹاپ-4 بلے بازوں کے ذریعہ بنائے گئے تیز رفتار رنوں کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 224 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ اس اسکور کا دباؤ حیدر آباد برداشت نہیں کر پائی۔


جیت کا جشن مناتی ہوئی گجرات کی ٹیم، تصویر @IPL
آئی پی ایل 2025 اب اپنے آخری مراحل کی طرف قدم بڑھا چکی ہے۔ پلے آف کی دوڑ دلچسپ ہو چکی ہے اور کچھ ٹیمیں تو اس دوڑ سے باہر ہی ہو گئی ہیں۔ آج گجرات اور حیدر آباد کے درمیان مقابلہ دلچسپ ہونے کی امید تھی، لیکن ایک بار پھر حیدر آباد کے گیندبازوں اور بلے بازوں دونوں نے ہی مایوس کیا۔ گیندبازی کے شعبہ میں محمد شامی کی کارکردگی پچھلے کئی میچوں سے مایوس کن رہی ہے، اور آج بھی انھوں نے 3 اوورس میں 48 رن دے کر کوئی بھی وکٹ نہیں لیا۔ باقی گیندبازوں کا حال بھی بہت اچھا نہیں رہا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ گجرات 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 224 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ 225 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے جب حیدر آباد کی ٹیم اتری تو، شروع میں حالات کچھ بہتر ضرور تھے، لیکن جب وکٹ گرنا شروع ہوا تو پھر میچ میں وہ پچھڑتی ہی چلی گئی۔ بڑی مشکل سے وہ 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 186 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اس طرح حیدر آباد کو 38 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے ساتھ وہ پلے آف کی دوڑ سے بھی تقریباً باہر ہی ہو گئی ہے۔
حیدر آباد نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گجرات کے سلامی بلے بازوں سائی سدرشن اور کپتان شبھمن گل نے شروع سے ہی رنوں کی رفتار تیز رکھی، اور جب پہلا وکٹ سائی سدرشن (23 گیندوں میں 48 رن) کی شکل میں گرا، تو ٹیم کا اسکور 6.5 اوورس میں 87 رن ہو چکا تھا۔ سدرشن کے آؤٹ ہونے کے بعد گل (38 گیندوں میں 76 رن) کا بھرپور ساتھ جوس بٹلر (37 گیندوں میں 64 رن) نے دیا۔ واشنگٹن سندر نے بھی 16 گیندوں پر 21 رنوں کا تعاون کیا۔ گجرات کی طرف سے ٹاپ-4 بلے بازوں کے ذریعہ بنائے گئے تیز رفتار رنوں کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 224 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ اس اسکور کا دباؤ حیدر آباد برداشت نہیں کر پائی۔ حیدر آبادی گیندباز جئے دیو انادکٹ واحد گیندباز رہے جنھوں نے گجراتی بلے بازوں پر کچھ اثر چھوڑا۔ انھوں نے 4 اوورس میں 35 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔ 1-1 وکٹ پیٹ کمنز اور ذیشان انصاری کے حصے میں آئے۔
حیدر آباد کی شروعات ٹھیک ٹھاک تھی، کیونکہ پہلے وکٹ کے لیے 4.3 اوورس میں 49 رنوں کی شراکت داری ہوئی تھی۔ لیکن اس کے بعد ہر تھوڑے وقفے پر وکٹ گرتے رہے، اور اس کا اثر رنوں کی رفتار پر بھی پڑا۔ ٹریوس ہیڈ نے 20 رن، ایشان کشن نے 13 رن، ہنرک کلاسین نے 23 رن، انکیت ورما نے 3 رن، نتیش کمار ریڈی نے ناٹ آؤٹ 21 رن (10 گیندوں پر) اور پیٹ کمنز نے ناٹ آؤٹ 19 رن (10 گیندوں پر) کا تعاون کیا، جو کہ ضروری ہدف کا پیچھا کرنے کے لیے کافی نہیں تھا۔ صرف سلامی بلے باز ابھشیک شرما کی تعریف کرنی ہوگی، جنھوں نے 41 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے طوفانی انداز میں 74 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان کی یہ اننگ ٹیم کو جیت دلانے کے لیے کافی نہیں تھی۔
گجرات کی طرف سے گیندبازی میں پرشدھ کرشنا کی تعریف کرنی ہوگی، جنھوں نے 4 اوورس میں محض 19 رن دے کر 2 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 2 وکٹ محمد سراج کو بھی ملے، جنھوں نے 4 اوورس میں 33 رن دیے۔ 1-1 وکٹ ایشانت شرما اور گیرالڈ کوئٹزی کے حصے میں آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔