آئی پی ایل 2025: ویبھو کی طوفانی سنچری نے راجستھان کو دلائی 8 وکٹ سے تاریخی جیت، گجرات کی ٹیم دیکھتی رہ گئی

گجرات نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 209 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، لیکن جب گجرات کے سلامی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی اور یشسوی جیسوال میدان پر اترے تو کبھی بھی راجستھان بیک فٹ پر دکھائی نہیں دی۔


ویبھو سوریہ ونشی، تصویر @IPL
راجستھان رائلز نے گجرات تائٹنس کے خلاف یکطرفہ مقابلہ آج جیت لیا۔ ویبھو سوریہ ونشی اور یشسوی جیسوال کی اننگ نے اس میچ کو پوری طرح سے راجستھان کی طرف کر دیا۔ گجرات کسی بھی لمحہ میچ میں واپسی نہیں کر پائی۔ اس میچ میں کئی سالوں پرانے ریکارڈ ٹوٹتے نظر آئے۔ خاص طور سے ویبھو سوریہ ونشی نے سنچری بنا کر سبھی کا دل جیت لیا۔ محض 38 گیندوں پر 101 رن بنانے والے ویبھو کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، اور آج کا دن پوری طرح سے اس 14 سالہ بچے کے نام رہا۔
آج کے میچ میں ٹاس جیت کر راجستھان نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ گجرات کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 209 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا۔ کپتان شبھمن گل نے 84 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی، لیکن اس اننگ کو راجستھان کے 14 سالہ ویبھو کی سنچری نے پھیکا کر دیا۔ گجرات کے گیندبازوں کی ایسی دھنائی ہوئی کہ 210 رنوں کا ہدف راجستھان نے 16ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
210 رنوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اتری راجستھان کی شروعات دھماکہ دار رہی۔ ویبھو سوریہ ونشی اور یشسوی جیسوال نے بطور سلامی بلے باز پاری کی شروعات طوفانی انداز میں کیا۔ ویبھو نے 6 چھکوں کی مدد سے محض 17 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کر لی۔ اس کے بعد بھی ویبھو رکنے کو تیار نہیں تھے۔ انھوں نے محض 35 گیندوں میں سنچری بنا ڈالی۔ اس دوران ویبھو کے بلے سے 11 چھکے اور 7 چوکے آئے۔ بارہویں اوور میں ویبھو کا وکٹ گرا، لیکن تب تک وہ راجستھان کو فتح سے بہت قریب کر چکے تھے۔
دوسرے چھور پر یشسوی جیسوال بھی تیز بلے بازی کر رہے تھے، لیکن ویبھو کے طوفان کے سامنے ان کی بلے بازی پر کسی کی نظر ہی نہیں گئی۔ انھوں نے محض 40 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 70 رنوں کی اننگ کھیلی۔ راجستھان نے 15.5 اوورس میں 2 وکٹ کے نقصان پر 212 رن بنا کر یہ میچ 8 وکٹ سے جیت لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔