تہوّر رانا کی حراست میں 12 دنوں کی توسیع، عدالت نے این آئی اے کی درخواست منظور کی

گزشتہ 18 دنوں سے دہلی کے این آئی اے دفتر میں ملزم تہوّر رانا سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ یہ پوچھ تاچھ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے ذریعہ ہو رہی ہے۔


ممبئی حملے کا ملزم تہور رانا / آئی اے این ایس
ممبئی میں 11/26 کے حملوں کا ملزم تہوّر رانا کی حراست میں توسیع کر دی گئی ہے۔ 28 اپریل کو دہلی کی ایک عدالت میں تہور رانا کو پیش کیا گیا جہاں این آئی کی ٹیم نے رانا کی حراست میں 12 دنوں کی توسیع کرنے کا مطالبہ کیا۔ عدالت نے این آئی اے کی اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے رانا کو 12 دنوں کی این آئی اے حراست میں بھیج دیا ہے۔
ممبئی میں 26 نومبر 2008 کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے ملزم رانا کو گزشتہ دنوں امریکہ سے حوالگی کے ذریعہ ہندوستان لایا گیا تھا۔ اس کے بعد عدالت نے اسے 18 دنوں کے لیے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ رانا کو اس کی 18 دن کی این آئی اے حراست ختم ہونے کے بعد سخت سیکورٹی کے درمیان آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اس دوران اس کا چہرہ چھپایا ہوا تھا۔ عدالت میں بھاری پولیس فورس بھی تعینات تھی۔
سینئر وکیل دیان کرشنن اور خصوصی سرکاری وکیل نریندر مان نے بند کمرے میں ہوئی سماعت میں این آئی اے کی طرف سے دلیلیں پیش کیں۔ دوسری طرف دہلی لیگل سروس اتھارٹی کے وکیل پیوش سچدیوا نے رانا کی نمائندگی کی۔ اس دوران این آئی اے نے عدالت سے رانا کی 12 روزہ حراست طلب کی، جس کے بعد عدالت نے اسے 12 دنوں کی این آئی اے حراست میں بھیج دیا۔
گزشتہ 18 دنوں سے دہلی کے این آئی اے دفتر میں ملزم تہوّر رانا سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ یہ پوچھ تاچھ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ رانا جانچ میں تعاون نہیں کر رہا ہے اور وہ ٹال مٹول بھرے جواب دے رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔