مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے دورہ عمان کے دوران مسقط میں سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پزشکیان نے کہا کہ امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات میں عمان کا تعمیری کردار قابل تعریف ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ عمل اچھے نتائج کا باعث بنے گا۔
انہوں نے عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی پر زور دیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہم مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے تیار ہیںاور ہم اپنی صلاحیتوں کو خطے کی اقوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں اور کوئی بیرونی طاقت مسلم اقوام کو زیر نہیں کر سکے گی۔
انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت میں سلطنت عمان کے واضح موقف کو سراہتے ہوئے کہا کی ہم غزہ کے مسئلے پر آپ کے ٹھوس موقف اور مظلوموں کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پزشکیان نے ایران کی خارجہ پالیسی میں عمان کی اسٹریٹجک اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو عمان پر مکمل اعتماد ہے، یہ اعتماد تعلقات کو مضبوط بنانے میں موئثر ثابت ہوسکتا ہے۔
اس ملاقات کے دوران سلطان ہیثم بن طارق نے ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمان ایران کے ساتھ تجارتی تبادلے کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور عمان کی بندرگاہوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہیے اور ایران کے شمال سے جنوب تک ریل کی گنجائش بھی تجارتی نقطہ نظر سے ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
سلطان ہیثم نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سیکورٹی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے میدان میں مسقط سنجیدگی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی کو خطے کی کامیابی سمجھتا ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے دفاع کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے کھڑے ہونا اور مظلوموں کا دفاع ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔