مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، ایران کے بحری بیڑے میں 13 جدید اور مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز شامل کردیے گئے۔
ایرانی وزیردفاع کے معاون ایڈمرل داوود قلیزاده نے خرمشہر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کہا کہ یہ منصوبہ 25 ملکی اداروں، تحقیقی مراکز اور جامعات کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان جہازوں میں جدید کنٹرول سسٹمز، آتشزدگی برداشت کرنے والے کیبلز اور 120 میٹر تک پانی پھینکنے کی صلاحیت رکھنے والے فائر فائٹنگ سسٹمز نصب کیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ مارچ 2025 میں مکمل ہوا اور اپریل سے ان جہازوں نے سمندری آزمائشی مراحل میں شرکت شروع کی۔ اس منصوبے کے ذریعے 2 کروڑ ڈالر کی زرِمبادلہ کی بچت اور براہ راست ایک ہزار افراد اور بالواسطہ پانچ ہزار افراد کو روزگار فراہم ہوا۔
قلیزاده نے مزید بتایا کہ منصوبے کے دوران 1,225 سے زائد تکنیکی تجربات کیے گئے اور 23 تربیتی کورسز کے ذریعے 2,870 گھنٹے کی تربیت دی گئی۔
انہوں نے ایرانی بحری صنعت کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران اب مسافر بردار اور کنٹینر بردار بحری جہازوں کی ڈیزائننگ اور تیاری کی مکمل اہلیت رکھتا ہے جس سے ایرانی بحری بیڑے کی طاقت اور خودکفالت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔