مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں پوری فوجی طاقت استعمال کرنے کے باوجود حماس کو ختم کرنے میں صہیونی فوج ناکام ہوگئی ہے۔
فلسطینی مقاومت کے سامنے بے بسی کا مظاہرہ کرنے پر نتن یاہو حکومت اور فوج کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران حماس کے خلاف جاری جنگ میں تل ابیب کی ناکامی پر سخت کشیدگی اور تلخ کلامی دیکھنے میں آئی۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارونوت کے مطابق پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس میں لیکوڈ پارٹی کے رکن عمیت ہالیوی اور وزیر جنگ یسرائیل کاتز کے درمیان شدید لفظی جھڑپ ہوئی۔
عمیت ہالیوی نے وزیر جنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "تم کچھ نہیں سمجھتے۔ حماس کو نابود کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا: "یہ جنگ 20 ماہ بعد ناکام ہوچکی ہے اور تل ابیب حماس کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ماضی میں ہم ہر جنگ میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرتے تھے، لیکن آج ہم حماس کو شکست نہیں دے پا رہے۔ یہ جنگ ایک دھوکہ ہے، ہمیں اس کی کامیابیوں کے بارے میں جھوٹ بولا گیا۔
یہ صورتحال اسرائیل کے اندر بڑھتی ہوئی سیاسی تناؤ اور فوجی ناکامیوں پر عوامی و پارلیمانی بے چینی کی ایک اور جھلک ہے، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔