مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور اور دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دوبارہ سنگین غلطی کا شکار ہورہا ہے۔ صدر ٹرمپ خطے میں ایران کے دوست اور برادر ممالک کو اشتعال دلاکر ایران ہراسی کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ خطے کے ممالک کے وسائل کو لوٹا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خرمشہر کی آزادی ایک الہی نصرت تھی جو امام خمینی کی قیادت میں سپاہ پاسداران انقلاب، فوج اور بسیج کی قربانیوں سے ممکن ہوئی۔ یہ فتح ایران کی مزاحمت، استقامت اور عزت کی علامت بن چکی ہے۔
مسلح افواج نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کی تاریخ بہادری، ایثار اور شجاعت سے بھری پڑی ہے۔ دشمنوں کو چاہیے کہ وہ انقلاب اسلامی، دفاع مقدس، اور حالیہ کامیاب فوجی کارروائیوں جیسے "وعدۂ صادق 1اور 2” سے سبق سیکھیں۔
بیان کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ رہبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی قیادت میں ایرانی بیدار اور باوقار قوم اپنے انقلابی اصولوں کا دفاع جاری رکھے گی۔ اگر دشمن ان اصولوں کو نشانہ بنائے تو اسے ایران کی مسلح افواج کی جانب سے سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔